عیدالاضحٰی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی منفرد روایت”
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اپنی منفرد تاریخ اور روایات کے سبب ملک اور بیرون ملک ایک خاص مقام رکھتی ہے- سو سالہ روایات کو ہر شیخ الجامعہ اور وائس چانسلر نے اپنے اپنے انداز سے آگے بڑھایا- کوئی بھی تہوار یا تقریب ہو جامعہ اسلامیہ میں ایک الگ شان سے منایا جاتا ہے- یہی وجہ ہے کہ عیدالاضحٰی کا تہوار بھی یونیورسٹی میں ایک دھج سے منایا جاتا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی میں فیکلٹی اور طلباء و طالبات پاکستان کے ہر علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی ایک ایسا گلدستہ ہے جسمیں وطن عزیز پاکستان کے ہر صوبے اور علاقے سے آئے ہوئے اساتذہ اور طلبا وطالبات موجود ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بہاولپور اور وسطی اور شمالی پنجاب کے اساتذہ اور طلباء تو تعطیلات میں اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں مگر دور افتادہ علاقوں جیسے گلگت بلتستان، سکردو، سابق فانا اور قبائلی علاقوں، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے دوردراز اضلاع کے طلباء گھروں کو نہیں جا پاتے اور انکو ہاسٹلز میں ہی مقیم رہنا پڑتا ہے۔
عیدالاضحٰی کے موقع پر گھر سے دوری ایک امتحان سے کم نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ہاسٹلز میں مقیم ان اساتذہ اور طلباء کے لیے وائس چانسلر خود ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔ ہاسٹل انتظامیہ وائس چانسلر کی سرپرستی میں خصوصی تقریب کا اہتمام کرتی ہے۔ عید کے روز ان طلباء وطالبات کیلئے ناشتہ ظہرانہ اور عشائیہ یونیورسٹی کی جانب سے ہوتا ہے۔ وائس چانسلر، ڈینز، پرنسپل افسران سبھی اسمیں شریک ہوتے ہیں۔ اس سال بھی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی خصوصی نگرانی میں ہاسٹل انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کئے۔ آج کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک عالمی جامعہ کا درجہ حاصل کر چکی ہے۔
طلباء وطالبات کی تعداد 60000کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ہزاروں طلباء وطالبات ہاسٹلز میں مقیم ہیں۔ ان میں ایک بڑی تعداد ملک کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھتی ہے۔ گزشتہ 3 برس میں فیکلٹی بھی 500 سے بڑھ کر 1300 ہو چکی ہے۔ اب اتنی بڑی تعداد میں پردیسی موجود ہوں تو ہاسٹل انتظامیہ کی ذمے داری بھی بڑھ جاتی ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت ملتے ہی چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر صفدر حسین بخاری صاحب، چئیرپرسن ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر، چیف وارڈن سلمان محمود قریشی اور وارڈن گرلز ہاسٹلز عابدہ فردوس اپنی ٹیم خاص طور پر اسسٹنٹ وارڈن فوری طور پر انتظامات میں لگ گئے۔ مرکزی آڈیٹوریم کے ہال میں عید ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرمعظم جمیل، خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ، ڈینز پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو ، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، پروفیسر ڈاکٹر اختر علی، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی،
پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین، پروفیسر ڈاکٹر منصور خالد،
ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفئرز رضوان مجید، ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد احمد خالد، آیڈیشنل ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفئرز ڈاکٹر آظہر حسین، آیڈیشنل ڈائریکٹر خان بہادر خٹک، ڈپٹی رجسٹرار فاطمہ مظاہر ، لیکچرار اطہر لاشاری، سیکرٹری محمد خالد شیخ، سینئر سٹاف آفیسر وسیم احمد صدیقی، محمد اسد نعیم، حافظ مرجان حیدر موجود تھے۔ وائس چانسلر اسلامیہ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے عیدالاضحی اس موقع پر اساتذہ کرام ، ملازمین اور طلباء وطالبات کو عید کی مبارکباد دی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ عید قرباں ہے اور اس عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کو خوش کرنے کے لیے کی تھی۔ زندگی کا مقصد صرف اپنے لیے جینا نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے تمام انسانوں کو خوشیاں پہنچانا، ان کی تکلیف دور کرنا ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہیے۔ اس وقت دنیا میں جو معاشی چیلنجز ہیں وہ ہمارے ملک کو بھی درپیش ہیں۔ وائس چانسلر نے تمام اہل وطن سے درخواست کی کہ عید کے اس موقع پرخود کو قربانی، ایثار، محبت اور حب الوطنی جیسے جذبات سے سرشار کریں اور مل جل کر ملک کو درپیش معاشی اور معاشرتی چیلنجز کا مقابلہ کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا اور آخرت میں سرخرو کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز کے اساتذہ اور طلباء کے لئے اس تقریب کا اہتمام بہاولپور کی میزبانی اور مہمان نوازی کی روایات کا مظہر ہے۔ ہمارے دور کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات خود کو پردیسی نہ سمجھیں بلکہ جامعہ ان کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے تینوں روز طلباء وطالبات کے لئے سپورٹس اور تفریح کے انتظامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ایک نجی چینل نے اس پروگرام کی خصوصی ریکارڈنگ کی اور اسے عید کی نشریات میں چلایا گیا۔ طلباء نے پشتون اور بلوچی دھنوں پر رقص بھی پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر صفدر حسین بخاری نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر اور دیگر معزز اساتذہ و افسران اور طلباء و طالبات کو رخصت کیا ۔
تحریر سہیل آمین شعبہ تعلقات عامہ
Load/Hide Comments