ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، 2022

ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، 2022

14 آگست، 2022: ڈبلیو ایس ایف مینز ورلڈ جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ نینسی (فرانس) میں جاری ہے۔ 13 اگست کو انفرادی ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں فرانس کے برائس نکولس نے پاکستان کے نور زمان کو 11-5، 11-8، 9-11، 11-4 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنلز آج (14 اگست 2022) کو کھیلے گئے۔ ایک کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد حمزہ خان نے مصر کے محمد ناصر کو 11-3، 5-11، 9-11، 11-5، 11-7 سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ حمزہ خان 15 اگست 2022 کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے فنلے وِنگٹن کے خلاف کھیلیں گے۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر مارشل عامر مسعود نے بھی 12 اگست 2022 کو شہر نینسی، فرانس کا دورہ کیا اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے سی ای او مسٹر ولیم لوئس میری اور فرانسیسی اسکواش فیڈریشن کے صدر مسٹر جوئلان مولر سے ملاقات کی۔ اپنی ملاقاتوں میں پاکستان میں اسکواش کی ترقی پر تفصیلی گفتگو کے علاوہ ایئر مارشل عامر مسعود نے اسکواش کے عالمی اداروں کو یہ پیغام بھی پہنچایا کہ پاکستان تمام کھیلوں اور بالخصوص اسکواش کے کھیل کے لیے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی مشترکہ کاوشوں سے ملک بہت جلد اسکواش کے کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گا۔ سی ای او، ڈبلیو ایس ایف اور صدر فرنچ اسکواش فیڈریشن نے بھی یقین دلایا کہ ماضی کی طرح وہ مستقبل میں بھی کھیل کی ترقی کے لیے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں