پاکستان کی مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کے مطالبے کی حمایت

اسلام آباد: پاکستان نے فلسطین کی جانب سے یروشلم (مقبوضہ بیت المقدس) کو اس کی آزاد ریاست کا دارالحکومت بنانے کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیا گیا مشرق وسطیٰ کےلیے امن منصوبہ دیکھا ہے۔پاکستان نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور تنازعہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے پاکستان یہ مطالبہ پھر دہراتا ہے کہ بین الاقوامی معیار اور1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق قابل عمل، خودمختار اور ملحق سرحدات رکھنے والی فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
مذکورہ مسئلے سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں مغربی کنارے میں موجود تمام یہودی آبادکاریوں کو غیر قانونی قرار دیتی ہے اور1967 کی عرب اسرائیل جنگ سے قبل کے بارڈزر کی بنیاد پر متفقہ اراضی کے تبادلوں کے ساتھ اس کے حل کا مطالبہ کرتی ہیں۔
دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے فلسطین کے مسئلہ کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرتا ہے جس سے استصواب رائے سمیت فلسطینیوں کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں امن منصوبے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یروشلم (بیت المقدس) اسرائیل کا غیرمنقسم دارالحکومت رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم میں دارالحکومت ملے گا اور مغربی کنارے کو نہیں بانٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں