سی پی این ای کا عماد یوسف کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میں چارج شیٹ کی مذمت”
حکومت صحافیوں کو تختہ مشق بنانے سے باز رہے، پاکستان کے قوانین کی کتاب میں صحافت پرپھانسی کی سزا کی نظیر نہ بنائی جائے، کاظم خان
اسلام آباد پولیس وفاقی حکومت کے حکم پرعماد یوسف کی سزا کے لیے جو تیزی دکھارہی ہے، دہشت گردوں کیخلاف دکھائے، صدر سی پی این ای
کراچی () سی پی این ای نے عماد یوسف کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میں چارج شیٹ کی نوبت آنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار کی آزادی پر گھناؤنا وار قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کو تختہ مشق بنانے سے باز رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا مقدمہ سامنے آیا ہے جس میں کسی صحافی پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے اور نتیجہ سزائے موت یا عمر قید کی شکل میں بھی نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قوانین کی کتاب میں صحافت پر پھانسی کی سزا کی نظیر نہ بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی حکومت کے حکم پرعماد یوسف کی سزا کے لیے جو تیزی دکھارہی ہے، کاش وہ ایسی تیزی دہشت گردوں کیخلاف مقدمات نمٹانے میں دکھاتی تو شہدائے پاکستان کے دکھی گھرانوں کی دعائیں اسے ملتیں۔ انہوں نے اس معاملے پر صدر مملکت اور چیف جسٹس سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے عماد یوسف کیخلاف مقدمہ ختم کروانے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عماد یوسف کے خلاف مقدمہ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں بولنا جرم، سوال اٹھانا گناہ اور جواب مانگنا بغاوت ہے۔ آخریہ کونسا قانون ہے؟
جاری کردہ :
کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔