فیکلٹی آف ایگریکلچر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سالانہ سپورٹس گالہ“
تحریر: حافظ مرجان حیدر“
”صحت مند زندگی” کے لئے کھیل ایک نہایت اہم سرگرمی ہے کیونکہ ایک صحت مند دماغ ہونے کے لئے صحت مند جسم ہونا ناگزیر ہے اور قومی کردار سازی میں کھیلوں کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انسان کی زندگی میں کھیل بہت اہمیت کا حامل ہے۔مشہور مقولہ ہے کہ جس قوم کے کھیل کے میدان آباد ہونگے وہاں کے ہسپتال ویران ہونگے۔ اور جس قوم کے کھیل کے میدان ویران ہونگے وہاں کے ہسپتال آباد ہونگے۔یونیورسٹی صرف تعلیم تک محدود نہیں ہوتی۔ طالب علم کی مجموعی نشوونما میں بہت سی دوسری سرگرمیوں کی طرح کھیل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مختلف کھیل کھیلنے سے انہیں کئی اہم چیزیں سیکھنے میں مدد ملتی ہے جیسے ٹیم ورک، لیڈر شپ، ذمہ داری، جوابدہی، صبر اور خود اعتمادی۔ کھیلوں سے ہم زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوتے ہیں۔ انہی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں حکومتی اورہائرایجوکیشن کمیشن کی سطح پہ کھیلوں کو خاصا فروغ حاصل ہے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بھی کھیلوں کی اہمیت کو اجاگرکرنے اور طلباء کو مواقع فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی اورفیکلٹی لیول پہ بھرپور اقدامات کئے جاتے ہیں۔اسی طرح فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ میں ہر سال فن فیسٹیول سجایا جاتا ہے جس میں بہت سی صحت مندانہ سرگرمیاں اور مختلف کھیلیں شامل کی جاتی ہیں۔ہربار کی طرح اس سال بھی پروفیسرڈاکٹر تنویر حسین ترابی، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ کی سربراہی میں ایگریرین اینڈاینوائرمنٹ سوسائٹی کے زیرنگرانی فن فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس فیسٹیول میں کرکٹ،فٹبال، بیڈمنٹن، رسہ کشی، ریس، لڈو، شطرنج سمیت دیگر بہت سی کھیلیں شامل تھیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسرڈاکٹر تنویرحسین ترابی نے ہیڈ سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹرنوید اسلم ملغانی اورایڈیشنل ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز(سٹوڈنٹس سوسائٹیز)، ڈاکٹر محمد عدنان بخاری کے ہمراہ وکٹ پہ جا کر باقاعدہ کھیلوں کا آغاز کیا۔اس موقع پر تمام شعبہ جات کے فیکلٹی ممبرز اور طلباؤ طالبات موجود تھے۔ بعد ازاں اس دو روزہ فیسٹیول میں مختلف مقابلے منعقد ہوئے۔اس موقع پرفوڈسٹالز،میوزک کا اہتمام بھی تھا اور طلباوطالبات اپنی اپنی ٹیم کی سپورٹ میں مختلف رنگ برنگیبینرز ہاتھوں میں تھامے اس فیسٹیول کوبھرپور انجوائے کرتے دکھائی دیے۔پہلے دن راونڈ میچز کھیلے گئے جبکہ دوسرے روز فائنل مقابلے ہوئے۔فن فیسٹیول 2023میں کرکٹ کا فائنل ٹاکرا انسٹیٹیوٹ آف فوریسٹ سائنسز اور شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کے درمیان ہوا۔جس میں نقیب اللہ کی قیادت میں انسٹیٹیوٹ آف فوریسٹ سائنسزنے چیمپئن ٹیم کااعزاز اپنے نام کیا۔فائنل مقابلہ میں ایمپائرنگ کے فرائض ڈاکٹرمحمدلطیف اور ٖحافظ مرجان حیدر نے ادا کئے جبکہ محمد ساجد،محسن ستار اور عاقب نے کمنٹری کرکے کراؤڈ کوخاصا لطف انداز کیا۔اسی طرح فٹبال کی فاتح ٹیم انسٹیٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری اینڈ اینوائرمنٹ جبکہ رنراپ ٹیم سوائل سائنس رہی اور اس مقابلے کے ریفری ڈاکٹر فرحان خالد تھے۔ بیڈمنٹن کا فائنل مقابلہ شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سوائل سائنس کے درمیان کھیلا گیا۔اسی طرح طالبات کے لئے مہندی لگانے،نشانہ بازی اور دیگر مقابلے بھی اس فیسٹیول کا حصہ تھے۔کرکٹ کے مقابلوں کوڈاکٹر محمد لطیف، ڈاکٹر فخرالزمان، مڈاکٹرعمیرریاض، محمد فصیح اللہ ودیگر کمیٹی ممبران منعقدکروارہے تھے جبکہ فٹبال مقابلوں کو ڈاکٹر فرحان خالد اورمحمد یوسف نے لیڈ کیا۔فیسٹیول کے اختتام پر ہیڈ سپورٹس کمیٹی پروفیسرڈاکٹرنویداسلم ملغانی نے فیسٹیول کو کامیاب بنانیپر ڈاکٹر محمدلطیف، ڈاکٹر فخرالزمان، ڈاکٹر محمد اورنگزیب، ڈاکٹرراشدحسین، ڈاکٹر سائرہ تنویر، ڈاکٹرفرحین، ڈاکٹرشمائلہ شاہد اور ڈاکٹرحراگل کی خصوصی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر مہمانِ خصوصی پروفیسرڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر ڈاکٹر وقاص اشرف بھٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز فیکلٹی آف ایگریکلچر سوسائٹی،ڈاکٹر سائرہ تنویر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز(فی میل)فیکلٹی آف ایگریکلچر سوسائٹی،پریزیڈنٹ احتشام مشتاق،احمد بخاری اورفاطمہ رسول سمیت پوری سوسائٹی کو اور فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ کو مبارک باد پیش کی اور کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔
اختتامی تقریب میں فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ کے تمام شعبہ جات کے چئیرمین، انچارج سٹوڈنٹس افئیرز،فیکلٹی ممبران اور طلباوطالبات شریک ہوئے۔