اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جشن بہاراں کے سلسلے میں پھولوں کی نمائش“
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ملک کی ایک معروف اور بڑی یونیورسٹی ہے۔ 1925 میں یہ یونیورسٹی جامعہ عباسیہ کے طور پر قائم ہوئی۔ 1963 میں اسے جامعہ اسلامیہ کا نام دیا گیا۔1975 میں جامعہ عباسیہ کو جنرل یونیورسٹی قرار دیا گیا اور اس کا نام بدل کر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور رکھا گیا۔یونیورسٹی کے 7 کیمپس ہیں۔ ابتداء میں یونیورسٹی عباسیہ اور خواجہ فرید کیمپس میں دس شعبوں کے ساتھ شروع ہوئی۔ بعد ازاں شہر سے آٹھ کلومیٹر دور حاصل پور روڈ پر یونیورسٹی کو 1280 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی جس کو بغداد الجدید کیمپس کا نام دیا گیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے 2005 میں دو مزید کیمپسز کا اضافہ کیا جسے بہاولنگر کیمپس اور رحیم یار خان کیمپس کا نام دیا گیا۔ جو بالترتیب 50 ایکڑ اور 80 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہیں۔ حال ہی میں پنجاب حکومت کی طرف سے احمد پور شرقیہ کیمپس کے لیے 30 ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی ہے اور بہاولپور سے 95 کلومیٹر دور لیاقت پور کیمپس پر بھی کام شروع کر دیا گیا۔ قلعہ ڈیراور کے نزدیک بائیو ڈائیورسٹی پارک کا 70 ایکڑ رقبہ چولستانی نباتات پر ریسرچ کی ضرورت کے تحت استعمال میں ہے جو کہ گورنمنٹ کی طرف سے الاٹ کیا گیا۔ یونیورسٹی کا ایک اہم شعبہ اسٹیٹ کیئر یونیورسٹی کی خوبصورتی اور ترقی میں اہم کردار کا حامل ہے۔
اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ 2007 میں قائم کیا گیا تا کہ یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کو بہتر، صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس ڈویژن کا بنیادی مقصد صحت مند، محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔ جشن بہاراں کے سلسلے میں میں پھولوں کی حالیہ نمائش نے بہار کے رنگ بکھیر دیے۔ یہ نمائش اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بغداد کیمپس میں جاری ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے اس خوبصورت نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دی اور یونیورسٹی کی خوبصورتی اور شادابی سے متاثر ہوئے۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ کیئر ڈاکٹر محمد لطیف نے کہا کہ وائس چانسلر نے ہمیشہ اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ پر توجہ دی اور ہماری خدمات کو سراہا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ہر سال پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا اور اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی محنت کی بدولت گزشتہ 20 برسوں میں ضلعی اور کنٹونمنٹ کے مقابلوں میں ہمیشہ اول پوزیشن حاصل کی۔ اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے سینکڑوں اہلکاروں کی محنت کی وجہ سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی خوبصورتی میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پھولوں کی حالیہ نمائش میں 280 اقسام کے پھول رکھے گئے ہیں ۔ متنوع اور منفرد اقسام اور رنگ برنگے پھولوں نے کیمپس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ان میں سے چند پھولوں کے نام ارجینٹیم، بیگونیا، بیل فلاور، کوس موس، کروٹن، ڈولی فلاور، ڈبل پینسی، یورپھوربیا،وینکا، پتھر چاٹ، ہوائی گھاس اور میری گولڈ ہیں۔ یہ نمائش ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے جاری رہیے گی۔
تحریر: محمد اسد نعیم