کورونا وائرس سے تحفظ صرف اسی صورت ہی ممکن ہے جب عوام الناس اس سے ڈریں نہیں،کمشنر بہاول پور

بہاول پور:26 /مارچ( )کورونا وائرس سے تحفظ صرف اسی صورت ہی ممکن ہے جب عوام الناس اس سے ڈریں نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تاکہ شہریوں کے تعاون سے ہی اس وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے آج یہاں کورونا وائرس سے تحفظ اور اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسربہاول پور فیاض احمد دیو، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور صہیب اشرف اورایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے حکومت کی وضع کردہ حکمت عملی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 144کے نفاذ پر کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ نیز عوام الناس سے اپیل کی کہ اشیائے ضروریہ کی دوکانوں پر صارفین مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے بتایا کہ انتظامیہ تمام تر احتیاطی تدابیر عوام الناس کے مفاد کے لئے اپنائے ہوئے ہے اور کورونا وائرس سے تحفظ سمیت حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں