بہاول پور ضلع میں کورونا کے 6مریض سول ہسپتال میں داخل،،،،،،

بہاول پور:10/اپریل( )
صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے حوالہ سے کئے جانے والے اقداماات کا جائزہ لیاگیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاول پور ضلع میں کورونا کے 6مریض سول ہسپتال میں داخل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 1038افراد قرنطینہ کئے گئے۔18افراد کے رزلٹ نیگیٹیو آنے پر انہیں گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ 750افراد کے سمپل لے کر لاہور کورونا ٹیسٹ کے لئے بھیج دیئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے زائرین کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 38زائرین بہاول پور آئے جنہیں قرنطینہ کیا گیا۔ زائرین کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3زائرین کے رزلٹ پوزیٹیو آئے جنہیں سول ہسپتال داخل کیا گیا ہے جبکہ باقی زائرین کو نیگیٹیو رزلٹ آنے پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال کو کورونا کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مخصوص کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف مستعدی سے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں کورونا کے حوالہ سے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تحصیل سطح پر کورونا سنٹر اور قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔ اسی طرح بہاول پور کے پرائیویٹ ہسپتالوں کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔خدانخواستہ ضرورت پڑنے پران کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کا شعور اجاگر کیا جا رہا ہے کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے اور ہاتھ صابن سے بار بار دھوئے جائیں۔

صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا نے بہاول پور ضلع میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سماجی فاصلہ قائم کیا جائے اور ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ ہاتھ صابن سے دھوئے جائیں اور سینی ٹائزر کا استعمال کیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر یاسین، فوکل پرسن ڈاکٹر ذاکر اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عطہان چوہدری سمیت ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر رانا محمد یوسف موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں