پاکستان اس خطہ میں سب سے زیادہ کورونا کے ٹیسٹ کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ یاسمین راشد

مورخہ21 ا پریل مارچ 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان اس خطہ میں سب سے زیادہ کورونا کے ٹیسٹ کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔بھارت، بنگلہ دیش، نیپال ودیگر ممالک اتنی مقدار میں کورونا کے ٹیسٹ نہیں کر رہے جتنے پاکستان کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دریشک اور پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواة پنجاب چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ اکیڈمک میڈیکل کونسل شیخ زید میڈیکل کالج اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب55ہزار سے زائد کورونا کے ٹیسٹ کر چکی ہے جس میں 4ہزار227کنفرم کیس آئے ہیں اور خوش آئند بات ہے کہ 750سے زائد کورونا مثبت مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ3ہزار ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں جس کی استعداد کار بڑھا کر5ہزار تک کی جائے گی جس کے لئے صوبہ میں چھ مزید کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹیریز فنکشنل ہو چکی ہیں اور دو مزید جلد فنکشنل ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کیسز سے متعلق قوم سے کوئی حقائق پوشیدہ نہیں رکھ رہی روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پیشرفت بارے قوم کو حقائق سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔انڈیا ، بنگلہ دیش ، نیپال سمیت خطہ کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی تمام صوبائی کابینہ کو عوامی تحفظ کے لئے متحرک کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائر س کے خلاف ہمارے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس کا کردار ناقابل فراموش ہے اور پوری قوم و حکومت کو اپنے ڈاکٹرز او رطبی عملہ کی خدمات پر فخر ہے۔کورونا وائرس کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں قومی فریضہ سمجھ کر ادا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بطور ڈاکٹرز ہم نے اس وبائی مرض سے گھبرانا نہیں بلکہ محفوظ رہتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ضلع رحیم یا رخان کی انتظامیہ ، ہیلتھ ٹیم دیگر محکموں کے ساتھ مل کر مثالی کام کر رہی ہے اور اس ضلع کے ٹیم ورک کی بدولت صو بائی قیادت اس کی کارکردگی سے مطمین ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یا رخان میں کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ضلع رحیم یا رخان میں کورونا کے مثبت مریضوں کی تعداد113ہے جبکہ704کے نتائج منفی 432کے نتائج کا انتظار ہے اور 3کنفرم مریضوں کی اموات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 14ارب روپے شعبہ صحت کے لئے مختص کئے ہیں صوبہ بھر میں فیلد ہسپتال بنائے جا رہے ہیں جبکہ قرنطینہ مراکز میں رکھے گئے تمام مشتبہ و کنفرم مریضوں کی طبی سہولیات کے ساتھ کھانے پینے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حفاظت کے لئے صوبائی حکومت کے پاس حفاظتی کٹس وافر مقدار میں دستیاب ہے اور اضلاع کو ضرورت کے مطابق حفاظتی کٹس تسلسل کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہیں ۔صوبائی وزیر نے شیخ زید میڈیکل کالج کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز کے مسائل سنتے ہوئے جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں