بہاولپور ڈویژن میں گندم خریداری
پاکستان زرعی ملک ہے اور ملکی معیشت کے استحکام میں زراعت کا اہم کردار ہے۔ حکومت کی شاندار زرعی پالیسیوں کے نتیجہ میں یہ شعبہ ترقی پا رہا ہے۔ ہمارے زمیندار اور کاشتکار محنتی ہیں جو اپنی ہمت و طاقت سے کھیتوں کو آباد کر رہے ہیں اور زرعی سائنسدانوں کی تحقیقات سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ صوبہ پنجاب زراعت کے حوالہ سے ممتاز مقام رکھتا ہے اور اس خطہ کے ترقی پسند کاشتکاروں اور حکومتی اقدامات کے باعث زراعت کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زراعت کی ترقی اور زمینداروں و کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ صوبہ بھر میں گندم خریداری کا ہدف بڑھایا گیا ہے اور چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔ امسال صوبہ پنجاب میں گندم خریداری کا ہدف 45 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے صوبہ بھر میں 382 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے جو کہ فعال ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں کاشتکار اپنی گندم خریداری مراکز میں لا رہے ہیں جہاں شفاف عمل کے ساتھ گندم لی جا رہی ہے۔
کورونا وائرس کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام گندم خریداری مراکز میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ گندم خریداری مراکز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے باقاعدہ دائرے لگائے گئے ہیں تاکہ فاصلہ قائم رکھتے ہوئے خریداری عمل مکمل کیا جائے اور کورونا وائرس سے بھی محفوظ رہا جائے۔ سرکاری عملہ کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گندم خریداری مراکز میں پینے کے صاف پانی، بیٹھنے کے لئے کرسیاں، ٹینٹج اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے گندم کا نرخ 1400/- روپے فی چالیس کلوگرام مقرر کیا ہے جبکہ9/-روپے ڈیلیوری چارجز اس کے علاوہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گندم خریداری کے امور کا جائزہ لینے کے لئے بذات خود صوبہ بھر میں قائم گندم خریداری مراکز کا معائنہ کر رہے ہیں جہاں وہ کاشتکاروں سے براہ راست مل کر ان سے گندم خریداری کے حوالہ سے استفسار کر رہے ہیں۔
بہاولپور ڈویژن میں گندم خریداری کا ہدف 8 لاکھ 53 ہزار 269 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈویژن بھر میں 70 گندم خریداری مراکز قائم ہیں۔ بہاولپور ضلع میں گندم خریداری کا ہدف 3 لاکھ 17 ہزار 461 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 28 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں گندم خریداری کا عمل زور وشور سے جاری ہے۔بہاولنگر ضلع میں گندم خریداری کا ہدف 3 لاکھ 55 ہزار 752 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور اس کے لئے 22 گندم خریداری مراکز فعال ہیں جبکہ ضلع رحیم یار خاں میں گندم خریداری کا ہدف ایک لاکھ 80 ہزار 56 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا اور اس کے لئے ضلع بھر میں 20 گندم خریداری مراکز فعال ہیں۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری ڈویژن بھر میں اور ڈپٹی کمشنر شوذب سعید بہاولپور ضلع میں قائم گندم خریداری مراکز میں موقع پر جا کر گندم خریداری کے عوامل کا معائنہ کر رہے ہیں اور گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بروئے کار لائے گئے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں کاشتکاروں کے بیٹھنے کے لئے کرسیوں کے انتظام، پنکھے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا شامل ہے۔
یہ بات باعث اطمینان ہے کہ گندم خریداری مراکز میں باردانہ کے اجراء، گندم خریداری کے امور اور کاشتکاروں کو دی جانے والی سہولیات بہت بہتر انداز میں جاری ہیں۔ محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف نہایت تندہی سے مصروف عمل ہیں۔ انشاء اللہ گندم خریداری کا ہدف سو فیصد حاصل ہو گا ہمارا ملک گندم میں خودکفیل ہو گا اور زمیندار و کاشتکار خوشحال ہوں گے۔
تحریر: عابد حسن رضوی
٭٭٭٭٭