بہاول پور:24/اپریل( )
سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی گندم پر پہلا حق صوبے کی عوام کا ہے جبکہ خیبر پختونخواہ سمیت دیگر صوبوں کو قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم فراہم کی جائے گی۔
سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں میڈیا بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن سے گندم کی خریداری کا ہدف ساڑھے آٹھ لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈویژن میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار اندازے سے پچیس فیصد زیادہ ہے جس کے لئے گندم خریداری ہدف بڑھایا جا سکتا ہے۔ کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا اور ان کو پورا معاوضہ ملے گا۔کاشتکار زائد وزن نہ دیں اور پورے وزن کے ساتھ پورا معاوضہ حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں شکایات پر سخت کاروائی ہو گی۔ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔عبد العلیم خان نے کہا کہ غیر قانونی اور ذخیرہ اندوزوں کے لئے گندم خرید کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
قبل ازیں صوبائی وزیر کو بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گندم سٹاک انونٹری کی کمپیوٹرائزڈ سافٹ ویئر کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور گندم خریداری ہدف بروقت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کورونا سے تحفظ کے لئے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔صوبائی وزیر خوراک عبد العلیم خان نے کمشنر آفس بہاول پور میں ایک اجلاس میں شرکت کی جہاں انہیں کورونا کی صورتحال اور اس سے تحفظ کے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کورونا سے تحفظ کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب محمد وقاص علی محمود، ڈپٹی کمشنر شوزب سعید،ترجمان پنجاب حکومت سمیرا ملک اور دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بہاول پور میں کورونا ٹیسٹنگ لیب کو جلد فنگشنل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے اور اس حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے۔ سینئر صوبائی وزیر و زیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان سے بہاول پور سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کی جن میں اراکین صوبائی اسمبلی گزین عباسی، احسان الحق چوہدری، ڈاکٹر محمد افضل، افتخار گیلانی، فرزند علی گوہیر، اصغر علی جوئیہ،سمیرا ملک، ملک عثمان چنڑ، عنایت کریم، نبیل الرحمن ودیگر شامل تھے۔ صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے نشاندہی کردہ مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارا اثاثہ اور عمران خان کے مشن کے امین ہیں ہم ان کی قدر کرتے ہیں۔