سکول فیس میں 20%ریلیف کا حکومتی فیصلہ مسترد

رحیم یارخان( ) ماہانہ فیس میں 20%ریلیف کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں‘حکومت 4000ہزار روپے ماہانہ سے کم فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کیلئے جلدریلیف پیکج کا اعلان کرے‘ نجی تعلیمی اداروں کے ایڈمن آفس کھولنے کے نوٹیفیکیشن کی تاریخ کو 15مئی تک بڑھایا جائے‘ قلیل وقت میں 22 سے 25 فیصد تک فیس کی وصولی بھی ممکن نہ ہوسکی ہے جس سے ماہانہ اخراجات کا بوجھ اٹھانا نا ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن رحیم یار خان کی ایگزیگٹیو باڈی کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا۔اعلامیہ میں کہاگیا کہ حکومت کی جانب سے ایڈمن آفس کھولنے کا نوٹیفیکیشن کا اجراء تاخیر سے ہونے کی وجہ سے تاحال 20%ریلیف کے ساتھ ماہانہ فیسوں کی مد میں 22%سے 25%وصولی ممکن ہوسکی ہے جس کی بنیاد پر بلڈنگز کے کرایہ جات‘ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کی تخواہیں و یوٹیلٹی بلزودیگراخراجات کی ادائیگیاں تعطل کا شکار ہیں۔اعلامیہ میں مزید کہاگیا کہ حکومت 4000ہزار روپے ماہانہ سے کم فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے تاکہ ایسے اداروں سے منسلک تمام افراد معاشی استحصال سے بچ سکیں۔اعلامیہ میں مزیدکہاگیا کہ حکومت کاماہانہ فیس میں 20%ریلیف کا یکطرفہ فیصلہ مسترد کرتے ہیں جس پر قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہاگیا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے محدود وسائل کے اندربہترین اساتذہ کی مدد سے بچوں کواعلیٰ تعلیم و تربیت فراہم کررہے ہیں علاوہ ازیں تمام نجی ادارے پہلے ہی 10%فری کوٹہ اور مختلف سکالرشپس کی مد میں طلباء و طالبات کو مفت تعلیم مہیا کررہے ہیں۔اعلامیہ کے آخر میں پی ایس اے رحیم یار خان کی جانب سے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ حکومت وقت جلد تعلیمی پیکج کا اعلان کریں اور نجی تعلیمی اداروں کیلئے”ریلیف فنڈ“قائم کریں تاکہ کرونا وائرس سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران نجی اداروں سے منسلک سفید پوش اساتذہ اوردیگرسٹاف کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہ ہوں اور نجی اداروں کو ایڈمن آفس کھولنے کی اجازت میں 15مئی تک کا اضافہ کیاجائے۔

پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن رحیم یار خان کی ایگزیگٹیو باڈی کے اجلاس میں اعظم شبیر چیئرمین‘محمد یٰسین رامے صدر‘حافظ مدثر سہیل سینئر نائب صدر‘حافظ سرفراز یوسف جنرل سیکرٹری‘نائب صدور میں سہیل احمد (صادق آباد)، محمد صفدر عباس(خان پور)، محتشم نقوی(لیاقت پور)‘بابر ضیاء فنانس سیکرٹری‘ مزمل سعدی سیکرٹری اطلاعات‘ندیم مسعود‘ڈاکٹر طاہر مسلم‘قاری ظفر اقبال و دیگرشریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں