مورخہ28 اپریل 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ گندم خریداری مہم2020ء کے اہداف حاصل کرنے کے لئے خریداری مہم کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے، اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں براہ راست گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ اور کسانوں کے مسائل حل کریں۔
یہ ہدایات انہوں نے ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی برائے گندم خریداری مہم 2020ء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، عامر افتخار، ارشد وٹو، ڈی ایف سی عبدالماجد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سمیت ارکان پارلیمنٹ اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو باردانہ کی فراہمی سے لیکر گندم کی خریداری تک کے تمام مراحل کو شفاف رکھا جائے،گندم خریداری مہم میں کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں محکمہ خوراک کی کارکردگی پر نظر رکھیں جبکہ خریداری مراکز پر ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران ضلع بھر میں فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کے گوداموں اورگندم خریداری کے طریقہ کار کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ کسانوں کا معاشی استحصال کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی کسی ادارہ کی اجارہ داری قائم ہونے دی جائے گی۔
گندم خریداری مہم کے دوران تمام ادارے حکومتی قواعدو ضوابط کے تحت ہیں گندم خریداری اور ذخیرہ کر سکتے ہیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 5ہزار700سے زائد کسانوں نے باردانہ کے حصول کیلئے درخواستیں دی ہیں جس میں سے94فیصد کسانوں کو باردانہ فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ 50فیصد سے زائد گندم خریداری مکمل کی جا چکی ہے۔
Load/Hide Comments