Dated:02-05-2020
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا ڈی پی ا ومنتظر مہدی کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، سبزی و پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم سمیت مارکیٹ کمیٹی کے حکام بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او کے ہمراہ سبزی و پھلوں کے مختلف شیڈز میں جا کر نیلامی کے عمل، پھل و سبزی کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کروا رہے ہیں۔اس سال ماہ رمضان مشکل حالات میں آیا ہے ان حالات میں حکومت اور عوام کو کورونا وائرس جیسی عالمی آفت کا سامناہے لہذا تاجر ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے اجتناب کرتے ہوئے اشیاء روز مرہ مناسب منافع کے ساتھ عوام کو فروخت کرتے ہوئے آخرت اوردنیا میں سرخرو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ذخیرہ اندوزوں، ملاوٹ مافیا، ناجائز منافع خوری اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف متحرک ہے جبکہ حکومت نے ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے لئے قانون سازی کرتے ہوئے انتظامیہ کے اختیارات میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پھل و سبزی کی طلب و رسد اور قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کریں۔خود ساختہ قلت اور مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں جبکہ ایسے عناصر کے خلاف نرم گوشہ رکھنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام چھوٹی بڑی دکانوں، ریڑھیوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہ پر آویزاں ہونی چاہے بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سبزی وپھل منڈیوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ڈی پی او منتظر مہدی نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں مستحکم روابط اور مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ذخیرہ اندوزوں، ملاوٹ مافیا اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف پولیس انتظامیہ کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف اب جرمانے نہیں بلکہ انہیں جیل بھیجا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں بھی پولیس اپنے فرائض جانفشانی سے انجام دے اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوروں کے خلاف انتظامی افسران کے ساتھ مل کر انسدادی کارروائیاں جاری رکھے۔
Load/Hide Comments