شہریوں کو صاف ستھرے اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر بہاول پور

بہاول پور:07/مئی( )کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے اہداف کی تکمیل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شہریوں کو صاف ستھرے اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔یہ بات کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے اہداف کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد اورایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے اہداف، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر ویسٹ مینجمنٹ، حفظان صحت، شجرکاری، شہروں کی خوبصورتی اور اس مہم میں کمیونٹی کی شمولیت بارے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاول پور شہر میں 30واٹر فلٹریشن پلانٹس، 15مقامات پر پینے کے صاف پانی کے ذخائر اور 600سے زائد پینے کے قابل پانی کے نمونوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ 5ہزار سے زائد گھروں میں پینے کے پانی کے کنکشن بھی فراہم کئے گئے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے بہاول پور کے 57ہزار سے زائد گھروں سے روزانہ کچرا اٹھایا جا رہا ہے اور شہر کے 70کلومیٹر طویل سیوریج سسٹم کو فعال بنایا گیا ہے۔نیزبہاول پور شہر کے 24پارکوں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے جبکہ 1200سے زائد شہریوں نے کلین اینڈ گرین ایپ سے رجسٹریشن کرائی ہے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہی کے لئے بھرپور مہم ترتیب دی جائے اور مہم کے اہداف کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے شہریوں کو اس مہم میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی ترغیب دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں