مورخہ04 جون 2020
رحیم یار خان ( ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے آج رحیم یار خان،روجھان اورگڑھی چاکر ، میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحیم یارخان میں کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کاجائزہ لیا-
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے رحیم یار خان کے ائیر پورٹ پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کارلائے جائیں اور کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچایاجائے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کاحکم د یتے ہوئے کہاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی-
عوام کو کورونا سے بچانے کے لئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھائیں گے-ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کردیاجائے گا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا ہو یا ٹڈی دل ،اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں-میں خود شہر شہر جا کرصورتحال کا جائزہ لے رہاہوں اور موقع پر ہی فیصلے کئے جاتے ہیں-عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں- حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے-انہوںنے کہاکہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ کاروباری اداروں اور افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی-تاجر،دکاندار، ٹرانسپورٹ،ٹریڈر ایسوسی ایشنز کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کےلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں-
بہاولپورریجن میں اب تک 8598 کورونا کے مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں-752 مریض پازیٹو ہیں جبکہ 370صحت یاب ہوچکے ہیں -بہاولپور کے 3فیلڈ ہسپتالوں میں 505بیڈز موجود ہیں اوراب تک بہاولپور میں 3507ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ بہاولپور ڈویژن میں ڈینگی کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ بہاولپور میں ٹڈی دل سے بچاﺅ کے لئے موثر اقدامات کئے گئے اورٹڈی دل سے بچاﺅ کے لئے موثر سرویلنس میکنزم وضع کیاگیاہے – 95535 ہیکٹر رقبے پر سپرے کیا جا رہا ہے- 2جہاز اور 50سے زائد گاڑیاں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے لئے استعمال کی جارہی ہےں-بہاولپور ، بہاولنگر اور رحیم یار خا ن میں ایک کروڑایکڑ سے زائد رقبے کی سرویلنس کی جا رہی ہے-ٹڈی دل کو کنٹرول کے لئے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں -گندم ذخیرہ کرنےوالے سماج دشمن عناصر کے خلاف 118ایف آئی آر درج کر کے 6666میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی ہے-بہاولپور میں احسا س ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ساڑھے سات ارب روپے سوا 6لاکھ سے زائد خاندانوں میں تقسیم کئے جاچکے ہیں-اجلاس میں ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ کے مرحوم والد محترم اور عامر نواز چانڈیہ کے مرحوم بیٹے کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی-
اجلاس میں ضلع رحیم یار خان کے اراکین اسمبلی چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، چوہدری آصف مجید، چوہدری محمد شفیق، سردار عامر نواز خان،چوہدری مسعود احمد ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، آر پی او بہاولپورزبیر دریشک،ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان علی شہزاد،ڈی پی او رحیم یار خان منتظر مہدی،ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-کمشنر بہاولپور نے رحیم یار خان میں کورونا،ڈینگی، ٹڈی دل اوراحساس ایمرجنسی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
Load/Hide Comments