Dated:13-06-2020
صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دریشک نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلع میں کورونا وائرس کی موجود ہ صورتحال، ٹڈی دل، احساس کفالت پروگرام، گندم خریداری، انسدادڈینگی مہم سمیت دیگر حکومتی امور پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں درپیش بحرانوں سے ملک و قوم کو نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
حکومت کورونا، ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہی ہے اور متعلقہ ادارے حکومتی اقدامات اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے سمیت ٹڈی دل، ڈینگی کی انسدادی کارروائیوں کے لئے جار ی ہدایات پرعملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرانا متعلقہ اداروں اور عمل کرنا شہریوں کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں ، کورونا سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے ضلعی سطح پر کورونا سے تحفظ کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ضلع میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کے لئے لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ ٹڈی دل اور انسداد ڈینگی کے لئے بھی تمام متعلقہ محکمے سرویلنس اور انسدادی کارروائی کا عمل جاری رکھیں۔انہوں نے تمام حکومتی اہداف میں عوامی تعاون اور عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ٹائیگر فورس کو متحرک اور ذمہ داریاں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کوروکنے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے جبکہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں تسلسل کے ساتھ اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں عوام کو بھی کورونا وائرس سے تحفظ کےلئے آگہی فراہم کی جا رہی ہے جس میں این جی اوز، علماءکرام اور ٹائیگر فورس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے تدارک کے لئے ضلع کو 23سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ پاک فوج ، رینجرز، پولیس، ریونیو، لائیو سٹاک، مقامی نمبرداران، کاشتکار سمیت دیگر ادارے میں سرویلنس و انسدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کے ہمراہ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کی سرویلنس کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور فیلڈ ٹیمیں ہاٹ سپاٹ کو وزٹ کر رہی ہیں۔احساس کفالت پروگرام کے تحت3لاکھ5ہزار سے زائد مستحق افراد میں 3ارب50کروڑ سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ گندم کا ہدف بھی 98.58فیصد مکمل کیا جا چکا ہے۔اجلاس میں محکمہ ہیلتھ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں کور ونا وائرس کے 4800ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے تاحال610کے نتائج مثبت،25اموات، 221ریکور ، 385کے نتائج کا انتظار ہے اور ضلع میں364کورونا کے مثبت مریض زیر علاج ہیں۔
Load/Hide Comments