کووڈ 19وباء کے پھیلاؤ کے باعث صحت یاب افراد کے پلازمہ کی دستیابی بہت اہمیت اختیار کر گئی ہے, وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی

بہاول پور (پ ر) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ کووڈ 19وباء کے پھیلاؤ کے باعث صحت یاب افراد کے پلازمہ کی دستیابی بہت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ شعبہ کمپیوٹر سائنس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ اور طلباء نے پلازمہ کی فراہمی کو آسان کرنے کے لیے ایک ایپ متعارف کرایا ہے۔

اس ایپ کی بدولت کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد اور اس وائرس سے متاثر افراد جنہیں بلڈ پلازمہ کی ضرورت ہو گی ایک پلیٹ فارم پرموجود ہوں گے۔ اس ایپ پر ایسے تمام مریضوں کا ڈیٹا موجود ہوگا جو پلازمہ عطیہ کرنا چاہیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کووڈ 19وباء کے بعد کمیونٹی کے فائدے کے لیے بہت سے اقدامات کرنے میں کامیاب ہوئی جس میں فیکلٹی ممبران اور طلباء کا بہت بڑا کردار ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے ملازمین نے اپنی تنخواہوں سے وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 7ملین روپے سے زائد کا عطیہ جمع کرایا۔ہینڈ سینٹائزرز کی کمی کے موقع پر شعبہ فارمیسی اور سائنس سوسائٹی کے طلباء نے اپنی لیبارٹریوں میں معیاری ہینڈ سنیٹائزرز تیار کیے اور ڈاکٹرز، اساتذہ اور پولیس کے لوگوں کو فراہم کیے گئے۔ یونیورسٹی کالج آف کنونشل اینڈ میڈیسن، ایگریکلچر فیکلٹی اور ویٹرنری فیکلٹی عام لوگوں کو بذریعہ ٹیلی فون سروس طبی مشورے، فصلوں کی دیکھ بھال اور مویشیوں سے متعلق معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر عمران سرور باجوہ نے کہا موبائل ایپ کے ذریعے بہت آسانی سے بلڈ پلازمہ عطیہ کرنے والے افراد تک رسائی ممکن ہو گی اور وہ وائس چانسلر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اور سول ہسپتال بہاول پور کے حکام سے رابطہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں