“ایکٹمرا انجکشن 4لاکھ میں بیچنے پر میڈیکل سٹور سیل”

رحیم یار خان( )کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں ممکنہ طورپرسرکاری سطح پر استعمال ہونے والے انجکشن ایکٹمراکی اوپن مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت پر حکومت پنجاب کا سخت نوٹس۔صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ایکٹمرا انجکشن کی مہنگے داموں فروخت روکنے کے لئے کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیئے جس کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحصیلوں میں محکمہ صحت کے ہمراہ میڈیکل سٹورز کا معائنہ کریں اور سرکاری سطح پر پابندی کے باوجود اوپن مارکیٹ میں مذکورہ انجکشن مہنگے داموں فروخت کرنے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں جس پر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف میڈیکل سٹورز کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے دستیاب ادویات کا جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان چوہدری اعتزاز انجم کو شہریوں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ نعمان میڈیکوز اور مون میڈیکل سٹورز مالکان مبینہ طور پر ایکٹمرا انجکشن مہنگے داموں فراہم کر رہے ہیں جس پراسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں کی مدد سے مذکورہ میڈیکل سٹور مالکان سے انجکشن خریداری کے لئے رابطہ کیا اور میڈیکل سٹور مالکان نے 4لاکھ کے عوض دو یوم بعد انجکشن فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انتظامیہ نے ایکٹمرا انجکشن کی غیر قانونی بلیک میں فروخت پر مذکورہ میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نعمان میڈکوز کو سربمہر کر دیا

جبکہ مون میڈیکل سٹور مالکان اپنا سٹور بند کرکے فرار ہو گئے۔حکومت پنجاب کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ انجکشن صرف سرکاری سطح پر ہی دستیاب ہے جبکہ عام مارکیٹ میں اس کی خرید و فروخت ممنوع ہے تاہم حکومت کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بعض عناصر نجی طور پر اس انجکشن کو اوپن مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں جبکہ اس کی قیمت محض3ہزار تک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکٹمرا انجکشن کی اوپن مارکیٹ میں ترسیل کے حوالہ سے حکومت سرکاری سطح پر بھی بڑے پیمانے پر انکوائری کر رہی ہے جس سے معلوم ہو سکے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو یہ انجکشن کون فراہم کر رہا ہے اگر اس میں سرکاری عملہ ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث درپیش مشکل حالات میں کیمسٹ ایسوسی ایشن نے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ادویات اور طبی آلات کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی ہے جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا لہذا حکومت اور انتظامیہ کوپر امید ہے کہ ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور مصنوعی قلت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کیمسٹ ایسوسی ایشن اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور ایسے عناصر کو اپنی صفوں میں شامل نہیں ہونے دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں