جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک حقیقی تبدیلی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تعینات ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی ملاقات
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے افسروں کی میرٹ پر تعیناتی کی ہے، لوگوں کو ریلیف ملے گا:عثمان بزدار

افسران ہر کام میرٹ پر کریں، غلط کام کیلئے کسی کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں، اپنے دفاتر کے دروازے لوگوں کیلئے کھلے رکھیں
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک حقیقی تبدیلی ہے اور عوام کو ریلیف ملنے سے یہ تبدیلی واضح نظر آئے گی:وزیراعلیٰ
لاہور(سی ایم لنکس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی نے ملاقات کی۔ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ افتخار سہو اور وزیراعلیٰ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن جاوید اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے افسروں کی میرٹ پر تعیناتی کی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے۔جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد ترقیاتی بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے اور ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے فنکشنل ہونے سے عوام کو اپنے کاموں کے سلسلے میں لاہور نہیں آ نا پڑے گا اور جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی سیکرٹریٹ کیلئے آپ کی تعیناتی آپ کیلئے اعزاز ہے۔ نئے تعینات ہونے والے افسران ہر کام میرٹ پر کریں اور غلط کام کیلئے کسی کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں۔ عوام کی خدمت کو شعار بناتے ہوئے ایمانداری سے فرائض سرانجام دیئے جائیں اور اپنے دفاتر کے دروازے لوگوں کیلئے کھلے رکھیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک حقیقی تبدیلی ہے اور عوام کو ریلیف ملنے سے یہ تبدیلی واضح نظر آئے گی۔ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کیلئے آپ نے جانفشانی سے سرکاری امور انجام دینے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں