وسیع و عریض صحرا میں مقیم چولستانیوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، ایم ڈی، سی ڈی اے

رحیم یار خان( ) چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام ڈویژن بہاولپور کے وسیع و عریض صحرا میں مقیم چولستانیوں کو صاف پانی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

موسمی شدت اور بارشیں نہ ہونے کے باعث چولستان کے ٹوبہ جات میں پانی کی کمی ہونے سے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بذریعہ پائپ لائن فراہم کئے جانے والے صاف پانی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا محمد سلیم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چولستانیوں نے اپنے مویشی بھی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے صاف پانی کے مقامات پر منتقل کر دیئے ہیں اور ادارہ چولستانیوں اور ان کے مویشیوں کے لئے ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کسی ابہام کی گنجائش نہیں اور ادارہ کے ملازمین اپنی تمام تر توانائیاں چولستانی عوام کی خدمت اور تحفظ کے لئے بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ فیلڈ ٹیمیں اندرون چولستان میں جاکر چولستانیوں کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہیں اور ڈویژن بھر میں پانی کی قلت کے باعث چولستانیوں کے مویشیوں کی اموات بارے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر چولستانیوں کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق کوئی بھی مدد درکار ہو تو وہ ادارہ کے کنٹرول روم نمبر 062۔9250195 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں