جامعہ اسلامیہ پنجاب یونیورسٹی کی جدید تحقیقی سہولیات اور وسیع تجربے سے مستفید ہو گی، ڈاکٹر اطہر محبوب

بہاول پور( ) عظیم تاریخی روایات کی حامل جامعات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور تدریس وتحقیق کے معیار میں بہتری کے لیے اشتراک عمل کریں گی۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے درمیان لاہور میں ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ دونوں جامعات تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور معیار تعلیم میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گی۔ دونوں جامعات کے مابین اساتذہ، محققین اور طلباء وطالبات کے باہمی تبادلے، کانفرنسوں، ورکشاپس اور سیمینار کے مشترکہ انعقاد کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ نصاب میں بہتری اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ پنجاب یونیورسٹی کی جدید تحقیقی سہولیات اور وسیع تجربے سے مستفید ہو گی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمداختر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ترقی اور اصلاحات کے عمل کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں