کوٹ مٹھن میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام اپنی نوعیت کا منفرد اقدام” ڈاکٹر سلیمان طاہر

رحیم یار خان ( ) پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کوٹ مٹھن خواجہ غلام فرید کے دربار پر حاضری دی اور سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسبی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس گفتگو مین کوٹ مٹھن میں باہمی اشتراک سے خواجہ فرید ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ گذشتہ سال یونیورسٹی میں ساؤتھ پنجاب سکل ڈیویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کی سربراہی میں قائم کیا گیا جس کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل تربیت فراہم کر کے انہیں ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ کوٹ مٹھن میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے کیونکہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی یونیورسٹی اورصوفی درگاہ کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کو ٹیکنیکل تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دے گا تاکہ یہ تربیت یافتہ نوجوان ملک میں یا بیرون ملک بہتر روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے علاقے کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں،

انہوں نے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی اپنے علاقے کے لئے بے لوث خدمات کو بھی سراہا۔ دوسری طرف سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو علاقے کی ترقی کے لئے ایک بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں