مورخہ05 اگست 2020
رحیم یار خان( )یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی حکومت کے غیر آئینی فیصلوں کے خلاف ڈی ایچ کیو چوک تا دعا چوک (جی پی او آفس) تک ریلی نکالی گئی۔
جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید اور ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ کی۔ریلی میں ضلعی محکموں کے افسران، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس، سول سوسائٹی، وکلاء، ڈاکٹرز،صحافی اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔حکومتی ہدایات کے مطابق ریلی کے آغاز سے قبل سائرن بجایا گیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے تمام معمولات زندگی کو روک دیا گیا جبکہ10بجے پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی کا آغاز مظفر آباد چوک سے ہوا جو سری نگر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے پاکستانی، کشمیری پرچم، پلے کارڈز اور بینرز تھامے ہوئے تھے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں تمام سیاسی رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کو پاکستانی نقشہ میں شامل کرکے کشمیر کی آزادی کی جانب عملی قدم بڑھایا ہے اور کشمیر اب آزاد ہو کر رہے گا۔5اگست کو مودی حکومت نے جمہوری اقدار کا خون کرتے ہوئے کشمیر کی آئینی حیثیت میں ردوبدل کرنے کی مذموم کوشش کرتے ہوئے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے اب عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اور بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست2019جیسے غیر آئینی اور ظالمانہ فیصلے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ماند نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ آج کے دن پاکستانی قوم نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بہادی کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم میں لڑ رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کو پاکستانی نقشہ میں شامل کرکے انہوں نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان اور کشمیر ایک تھے، ہیں اور رہیں گے، انشاء اللہ کامیابی کشمیر ی عوام کا مقدر بنے گی۔
ڈی پی او منتظر مہدی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے اس دلیرانہ جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کو باور کرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ریلی کے اختتام پر ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف قاضی خلیل الرحمن نے دعا کرائی۔
Load/Hide Comments