خواجہ فرید یونیورسٹی (KFUEIT) میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب”

رحیم یارخان ( ) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔

یونیورسٹی سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے چاک و چوبند دستے نے پریڈ کی اور پرچم کو سلامی دی۔ پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام، برعظیم کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے جہد مسلسل اور بیش بہا قربانیوں کا حاصل ہے۔ بر صغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں جو ملکِ عزیز قائم ہوا، الحمدللہ، اس نے سارے مصائب اور خطرات کے باوجود اپنی آزادی کے 73 سال مکمل کر لئے ہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

14 اگست نہ صرف ہماری آزادی کی علامت ہے بلکہ یہ یوم تشکر اور یوم تجدید عہد بھی ہے۔ اس کی قدر کے پورے احساس کے ساتھ یہ تاریخی لمحہ اس امر کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ ہم ہر طرح کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک ہو جائیں۔ ہمیں ایک قوم بن کر ہمت اور حوصلے سے ہر طرح کے چیلنجر کا مقابلہ کرنا ہے اور پاکستان کو کامیابی کے ساتھ مستقبل کی منازل کی طرف لےکر جانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلیم اللہ، ڈاکٹر ناظم، ڈاکٹر ہاشم، ڈاکٹر بخت، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر مصطفی، ڈاکٹر عبدالشکور، ڈاکٹر عدنان مقبول، ڈاکٹر ندیم سلامت، ڈاکٹر منتظم عباس، ڈاکٹر عدنان بودلہ اور عابد چوہدری بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں