اسلامیہ یونیورسٹی میں نئے تعینات شدہ سربراہان کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز،

بہاولپور ( ) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ہدایت پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے نئے تعینات شدہ سربراہان کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا۔

اس تربیتی پروگرام میں 40سے زائد تدریسی شعبہ جات کے سربراہان شریک ہیں۔ حال ہی میں جامعہ میں فیکلٹیوں کی تعداد 7سے بڑھا کر 13اور شعبہ جات کی تعداد 48سے بڑھا کر 123کر دی گئی ہے۔نئے شعبہ جات میں تعینات ہونے والے سربراہوں کی استعداد ِ کار میں اضافے کے لیے یہ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے کہا کہ اُن کا شعبہ یونیورسٹی کی رینکنگ اور تعلیم وتحقیق کے معیار میں اضافے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے شرکاء کو اُن کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل عبدالمنان خان نے تدریسی عمل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے خصوصی لیکچر دیا۔ ڈپٹی رجسٹرار عرفان ہدایت نے سمسٹر کے قواعد وضوابط یونیورسٹی ایکٹ اور مختلف انتظامی فورمز کے بارے میں بات چیت کی۔
دوسری جانب

صاحبزادہ میاں نجیب الدین اویسی چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم وتربیت و رکن قومی اسمبلی نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے بات کی۔ اس موقع پر تعلیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ میاں نجیب الدین اویسی نے وائس چانسلر کی یونیورسٹی کی ترقی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں