ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی کا دورہ رحیمیارخان

رحیم یارخان ( ) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 27 ہزار پولیس افسران و اہلکار کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، انتظامی یونٹ بننے سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی،

خطہ میں یقیناً ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو گا۔ حکومت تمام مسائل کے پوری طرح آگاہ ہے اور وزیر اعلی پنجاب خطہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ تاجروں کا تحفظ یقیناً معیشت کا تحفظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ رحیم یارخان کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی کے رحیم یارخان پہنچنے پر آر پی او زبیر احمد دریشک، ڈی پی او منتظر مہدی، ایس پی انوسٹی گیشن اکرم خان نیازی، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی پٹرولنگ اور ڈی ایس پی لیگل نے انہیں خوش آمدیدکہا اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، انہوں نے ڈی پی او آفس میں پولیس افسران سے میٹنگ کی، ڈی پی او آفس میں ہونے والی رینویشن کا افتتاح کیا، پولیس خدمت سینٹر اور آئی ٹی برانچ گئے اور ان کی کارکردگی کاجائزہ لیا اور ڈی پی او منتظر مہدی نے انہیں بریفنگ دی۔ وہ پولیس لائن گئے جہاں پر انہوں نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتح خوانی کی، انہوں نے پولیس لائن میں کنسٹبلان کی نئی رینوویٹ ہونے والی بیرکس کا ملاحظہ کیا اور اہلکاروں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرنے پرڈی پی او منتظر مہدی کے اقدام کو سراہا ایڈیشنل آئی جی انعام غنی، آر پی او زبیر احمد دریشک اور ڈی پی اومنظر مہدی نے پولیس لائن میں شجر کاری کے تحت پودے لگائے ۔

انہوں نے آر پی او زبیر احمد دریشک اور ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ صدر سرکل میں محرم الحرام کے ایک جلوس پر کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمنان کا اظہار کیا، وہ پریس کلب رحیم یارخان پہنچے جہاں پر صدر پریس کلب ممتاز احمد مونس، جنرل سیکرٹری محمد افتخار اور ممبران نے انہیں گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا اس موقع پر صدر پریس کلب نے استقبالیہ الفاظ ادا کرنے کے بعد انہیں خطاب کی دعوت دی جس پر انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ساؤتھ پنجاب کے پاس 27000 پولیس افسران و اہلکار پر مشتمل نفری موجود ہے اور ہم انشاء اللہ پوری قوت کے ساتھ عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے کوشاں اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔ باقی پولیس کو عوامی امنگوں اور ترقی یافتہ ملکوں کے برابر لانے لیے وقت درکار ہے لیکن ہم بہتری کی جانب ضرور جا رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹ کے قیام سے اداروں کو کم علاقہ میں بہتر کارکردگی کا موقع ملے گا جس کے مثبت اثرات ہر خاص و عام آدمی کی زندگی پر پڑیں گے اور خطہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور وزیر اعلی پنجاب جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر صحافی حضرات کی جانب سے کئے گئے سوالوں کے مفصل جوابات دئیے اور کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں اور حاصل شدہ وسائل کے ساتھ میدان عمل میں ہیں اور اس سلسلہ میں ہمیں آپ حضرات کا بھی ساتھ درکار ہے جس پر ہم باہم مل کر آگے بڑھیں گے میڈیا کا مثبت رول معاشرہ میں اہمیت کا حامل ہے۔ بعد ازاں وہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گئے جہاں صدر چوہدری شفیق علیم، سینئر نائب صدر چوہدری افتخار انجم، چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرؤف مختار، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے چوہدری شفیق، ایگزٹو ممبرز چوہدری غلام عباس چیمہ و دیگر ممبران کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر کا تحفظ اصل میں معیشت کا تحفظ ہے جو کہ کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتی ہے

اس موقع پر تاجران نے بھی انہیں بھر پور تعاون کا یقین دلایا آر پی او زبیر احمد دریشک اور ڈی پی او منتظر مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے کہا کہ پولیس جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ انہوں نے دورہ کے دوران ماڈل پولیس اسٹیشن اقبال آباد کا دورہ کرکے عوام کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ایسے تھانہ جات کی تعمیر اور پولیس کی بہتر کارکردگی محکمہ کے وقار کو بلند کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی یہ تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل میں جنوبی پنجاب کے تمام تھانوں کو ماڈل پولیس اسٹیشنز کی طرز پر بنا دیا جائے گا جس سے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں