ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لئے ضروری ہے کہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے, صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب

مورخہ27 اگست 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دنوں میں امن و امان کے قیام کےلئے بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ حکومت پنجاب کی اﺅلین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی کابینہ صوبہ بھر میں علماءکرام اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے تاکہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفس رحیم یار خان کے کمیٹی روم میں ضلعی کور کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔جس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ڈی پی او منتظر مہدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم، فیض فرید، ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، خواجہ محمد ادریس، ریاض احمد نوری، بابر زمان، علمبردار نقوی، مولانا فضل محمود حیدری، حاجی اکبر علی شاہین ،قاضی خلیل الرحمن، عمر امین اویسی سمیت دیگر موجود تھے۔

صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لئے ضروری ہے کہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے اور علماءکرام منبر و محراب سے مذہبی ہم آہنگی، رواداری،بھائی چارے کے درس کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ امن وامان کی صورتحال پاک فوج، قوم اور دیگر سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے اور ہم نے اپنے شہداءکا خون رائیگاں نہیں جانے دینا۔انہوں نے کہا کہ قیام امن ومان کے قیام کے ساتھ ساتھ حکومت ، انتظامیہ اور عوام نے عالمی وباءکورونا کا سدباب بھی کرنا ہے جس کےلئے ضروری ہے کہ جلوس ومجالس اور امام بارگاہوں میں آنے والے افراد کورونا سے بچاﺅ کےلئے حکومتی ہدایات کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ ضلع رحیم یار خان میں قیام امن کے لئے تمام علماءکرام ایک پیج پر ہیں اور ہم نے اپنے اس اتفاق کو برقرار رکھنا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحر ام سے قبل ممبران امن کمیٹی اور جلوس و مجالس کے منتظمین کے ساتھ ضلعی و تحصیل سطح پر قبل ازیں میٹنگز کا آغاز کر دیا گیا تھا اور بہت سے حل طلب مسائل محرم الحرام سے قبل باہمی مشاوت اور اتفاق رائے سے حل کر لئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے جلوس ، مجالس اور امام بارگاہوں کے روٹس سے تجاوزات کا خاتمہ ، صفائی کی بہتر صورتحال سمیت روڈز کی مرمت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ڈی پی او منتظر مہدی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوس ، مجالس اور امام بارگاہوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں سول ڈیفنس رضاکاران سمیت جلوس و مجالس اور امام بارگاہوں کے منتظمین کی جانب سے فراہم کردہ رضاکاروں کو بھی بنیاد ی تربیت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لئے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی ضلع میں شر پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالرو ف ربانی، ریاض احمد نوری، خواجہ محمد ادریس، بابر زمان، علمبردار نقوی، مولانا فضل محمود حیدر، قاضی خلیل الرحمن سمیت دیگر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ ڈی پی او آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں پر ڈی پی او منتظر مہدی نے صوبائی وزیر کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس و مجالس اور امام بارگاہوں کے مانیٹرنگ اقدامات بارے بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں