اسلامیہ یونیورسٹی نے صحافیوں کے بچوں کے لیے داخلے کا خصوصی کوٹہ مقرر کر دیا ہے

بھاولپور ( ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی سینڈیکیٹ نے بہاول پور کے صحافیوں کے بچوں کے لیے داخلے کا خصوصی کوٹہ مقرر کر دیا ہے۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی خصوصی دلچسپی کی بدولت سینڈیکیٹ نے ہر تعلیمی سیشن میں صحافیوں کے دو بچوں کو یونیورسٹی میں سکالرشپ پر داخلہ دینے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سکالرز شپ پروگرام کو الصادق سکالر شپ فار بہاول پور جرنلسٹس کا نام دیا گیا ہے۔ اِسی طرح شعبہ میڈیا سٹڈیز میں ایم فل وپی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے صحافیوں کے لیے ایک خصوصی سیٹ مختص کی گئی۔ اس سہولت سے پہلے سے زیر تعلیم ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالر صحافی بھی مستفید ہو سکیں گے۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ہدایت پر جامعہ کے درجہ 1تا 4ملازمین کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تربیتی پروگرام ایگزیکٹو ٹریننگ سنٹر کے زیر اہتمام ہوا جو حال ہی میں جامعہ میں قائم کیا گیا۔ اس ٹریننگ سنٹر کا مقصد اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کے لیے ایک بہترین معیار کی تربیتی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ ٹریننگ سنٹر ایک منظم اور فعال افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے مرکزی کردار اداکریگا۔ اس ٹریننگ سنٹر کے قیام سے یونیورسٹی اپنے وسائل سے افراد ی قوت کو تربیت دے گی اور دوسرے اِدارے بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ جلد ہی ایگزیکٹو ٹریننگ سنٹر کی عمارت جہاں ٹریننگ سیشنز کے لیے جدید سہولیات مہیا ہوں گی قائم کر دی جائے گی جو جنوبی پنجاب میں اپنی نوعیت کا منفرد اِدارہ ہوگا۔ تربیتی سیشن کے اختتام پر ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال، ایگزیکٹو ٹریننگ سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر حسن دانیال نے ملازمین میں اسناد تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں