“تین سال سے نیو جنرل بس اسٹینڈ رحیم یار خان کے منجمند فنڈز بحال”

رحیمیارخان ( ) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی کوششوں سے گذشتہ تین سال سے نیو جنرل بس اسٹینڈ رحیم یار خان کے منجمند فنڈز بحال، دستیاب فنڈز سے نیو جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے گذشتہ تین سال سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث زیر التواءمنصوبے نیو جنرل بس اسٹینڈ کی تکمیل کے لئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے کوششیں کی اور حکومت پنجاب سے نیو جنرل بس اسٹینڈ کی تکمیل کے لئے فنڈز بحال کرائے جس کے باعث فنڈز دستیاب ہوتے ہیں محکمہ بلڈنگ کے منصوبہ کی تکمیل کا کام شروع کر دیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے نیو جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کرتے ہوئے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت قدیر گورائیہ سمیت محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجو دتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس کی تکمیل سے شہر کے مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی بس اسٹینڈ ز کے خاتمہ اور اہم شاہرات پر ٹریفک کے بہاﺅ کو بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے نیو جنرل بس اسٹینڈ کے دورہ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ بلڈنگ افسران کو ہدایت کی کہ نیو جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کو تما م بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے اعلیٰ معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور مرد و خواتین کے علیحدہ ویٹنگ ایریا، نماز پڑھنے کےلئے مخصوص جگہ، واش رومز اور گرین بیلٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام دو ماہ کے اندر مکمل کئے جائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دستیاب فنڈز سے نیو جنرل بس اسٹینڈ میں بجلی کی بحالی، ویٹنگ ایریا، واش رومز، کنٹین سمیت دیگر بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی اور ہدایات کے مطابق منصوبے کو اعلیٰ معیار کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں