رحیمیارخان ( ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع رحیم یار خان میں شان رحمت اللعالمین ؐ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔
شان رحمت اللعالمین ؐ تقریبات ضلع کی چاروں تحصیلوں میں منعقد کی جائیں گی جس میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات، مدارس، سول سوسائٹی، تاجر برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے ادارے و شخصیات دنیا کو نبی اکرمؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے مختلف تقاریب کا اہتمام کریں گی۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر شان رحمت اللعالمین ؐ تقریبات کا انعقاد بھرپورمذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے کیا جا رہا ہے۔
میونسپل کارپوریشن رحیم یار خان کے جناح ہال میں کالجز و سکولوں کے طالبعلموں کے مابین نبی اکرمؐ کی حیات مبارکہ سے متعلق سوالات کے مقابلوں سے ضلع میں شان رحمت اللعالمینؐ تقریبات کا آغاز کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر علی شہزا دنے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کا کردار ہم سب کے لئے مثالی ہے۔گستاخانہ خاکوں کے پیچھے موجود بوسیدہ ذہنیت کو ختم کرنے کیلئے دنیا اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک ؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بناکر بھیجا گیا۔نبی اکرم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہمارے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
آج تقریب میں تمام طلباء و طالبات نے سیرت النبیؐ سے متعلق اپنی معلومات سے متاثر کیااورخوش آئند بات ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے طالبعلموں کو دینی اور سائنسی تعلیم مہیا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شان رحمت اللعالمین ؐ تقریبات ہفتہ بھر جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شان رحمت اللعالمین ؐ رتقریبات میں کورونا سے تحفظ کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
شان رحمت اللعالمین ؐ کالج سطح کے کوئزمقابلوں میں دانش بوائز نے پہلی، گورنمنٹ گرلز کالج سکھر اڈا نے دوسری اور خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سکول سطح کے مقابلوں میں گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول پہلی، کمپری ہینسو بوائز سکول دوسری اور گورنمنٹ بوائز سکول شاہ گڑھ و گورنمنٹ گرلز کینال سکول نے بلترتیب تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ریاست علی، پی ٹی آئی رہنما چوہدری فاروق وڑائچ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر راشدہ کامل، ڈاکٹر عبدالماجد خان اور طلباء وطلبات نے شرکت کی۔