رحیم یار خان( )ضلعی انتظامیہ کا پاک آر می، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو1122سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادار وں کے ہمراہ شہر میں فلیگ مارچ،
جس کا مقصد حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کووبائی مرض کورو نا سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور انسدادی سرگرمیوں بارے شعور بیدار کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہونے والے فلیگ مار چ کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کر رہے تھے فلیگ مارچ شہر کے مختلف ایریاز خانپور اڈا ، چوک بائی پاس، چک 72، بستی کمہاراں، شہباز پور روڈ، گلشن عثمان، چوک پٹھانستان، بلجیئم چوک، شاہی روڈ ، ریلوے چوک، صادق بازار، سٹی پُل، اڈا گلمرگ، وائرلیس پُل، زرعی کالج روڈ، فوجی چھاﺅنی، جناح پارک، جگنو چوک، ڈسٹرکٹ کورٹ سے ہوتا ہوا ڈپٹی کمشنر آفس میں اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع میں کورونا وائرس کی صورتحال تیزی سے ریڈ لائن کی جانب بڑھ رہی ہے اگر عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑےں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اس وبائی مرض کورونا سے تحفظ فراہم کرنے اور شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے حکومت اور ادار ے یکجا ہیں اور سب کی ایک ہی کوشش ہے کہ ارض پاک میں اس وباءکے پھیلاﺅ کو کم سے کم کیا جا سکے اور حکومتی کوششیں اس وقت کی کارگر ثابت ہوں گی جب عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہری خود کو گھروں تک محدود رکھیں، غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں، گلے ملنے یا ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں، ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور سماجی فاصلے کو ہر صورت برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے این سی او سی کی گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ نئی آمدہ ہدایات کے مطابق ضلع کی حدود میں کاروبار شام چھ بجے بند جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹ میں بھی ان ڈور ، آﺅٹ ڈور ڈائنگ پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔
اس موقع پر انہوں نے فلیگ مارچ کے دوران گاڑی روک کر موٹر سائیکل مارکیٹ اور شاہی روڈ پربغیر ماسک گھومنے والے شہریوں میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے تنبیہہ کی کہ وہ اپنی اور پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے ماسک کا استعمال لازمی کریں جبکہ تاجر بھی ایسے کسی شہری کو کوئی چیز فروخت نہ کریں جو ماسک کے بغیر ہو بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Load/Hide Comments