“پنجاب کابینہ کا 4گھنٹے طویل اجلاس”

4گھنٹے طویل اجلاس میں کابینہ کو کورونا کی موجودہ صورتحال، رمضان پیکیج اور گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگزدی گئیں
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 43واں اجلاس، کورونا کیسوں اور شرح اموات میں اضافے پر گہری تشویش

ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد نہ کئے جانے پر تحفظات کا اظہار، زیادہ مثبت شرح والے شہرو ں میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی
صوبائی وزراء کی جانب سے اتفاق رائے سے لاہور سمیت زیادہ شرح والے شہروں میں عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز
خصوصی کابینہ کمیٹی مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی جواین سی او سی کو پیش کی جائیں گی
آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد ہنگامی طور پر بڑھانے کا فیصلہ،آکسیجن کی سپلائی برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے
کابینہ کا صوبے میں گندم خریداری مہم پر اطمینان کا اظہار،پنجاب حکومت 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید چکی،وافر سٹاک موجود ہیں
آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے رولزآف بزنس کی توثیق
ضلع مظفر گڑھ میں چوک سرور شہید کو نئی تحصیل بنانے کی منظوری،پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی سروس رولز 2009ء میں ترامیم کی منظوری دی
پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2020ء کی منظوری، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کنٹرولڈ ایریاکے نوٹیفکیشن کی اصولی منظوری، نمل انسٹی ٹیوٹ میانوالی کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کے منظوری
غازی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ ڈیرہ غازی خان کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری، عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر فیصلہ کریں گے
عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں -ایس او پیز پر عملدرآمد شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے – عثمان بزدار
لاہور 29 اپریل:-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیر اعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا 43واں اجلاس منعقد ہوا – 4گھنٹے طویل اجلاس میں کابینہ کو کورونا کی موجودہ صورتحال، رمضان پیکیج اور گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگزدی گئیں -کابینہ نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں اور شرح اموات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکیا اورشہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد نہ کئے جانے پر تحفظات کا اظہارکیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے زیادہ مثبت شرح والے شہرو ں میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی-اجلاس میں صوبائی وزراء نے اتفاق رائے سے لاہور سمیت زیادہ شرح والے شہروں میں عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کی تجویزپیش کی- خصوصی کابینہ کمیٹی مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی اور یہ سفارشات این سی او سی کو پیش کی جائیں گی-اجلاس میں ہسپتالوں میں آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد ہنگامی طور پر بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور آکسیجن کی سپلائی برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے -اجلاس میں آکسیجن استعمال کرنے والی صنعتوں کو آکسیجن بند کرنے کی تجویز پر غورکیا گیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی اورآکسیجن امپورٹ کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو خط لکھا جائے گا-کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دورا ن2674 کورونا کیسز سامنے آئے اور 24 گھنٹے کے دوران 26338 ٹیسٹ کئے گئے -لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے -پنجاب کے 23 اضلاع میں مثبت کیسوں کی تعداد 8 فیصد سے زائد ہو چکی ہے -پنجاب میں 11 لاکھ 25 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے – 8 لاکھ 65 ہزار ویکسین کا سٹاک موجود ہے -بزرگ شہریوں کو گھروں میں جا کر ویکسین لگا رہے ہیں اور اب تک 2 ہزار 220 بزرگ شہریوں کو گھروں میں جاکر ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ 24 گھنٹے کے دوران 60 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی گئی ہے -پنجاب کابینہ نے صوبے میں گندم خریداری مہم پر اطمینان کا اظہارکیا-بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 69 فیصد گندم کی کٹائی ہو چکی ہے اورپنجاب حکومت اب تک تقریبا 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے -گندم کے وافر سٹاک موجود ہیں -گندم کو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی -اجلا س میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا-

بریفنگ کے دوران کابینہ کو بتایا گیا کہ رمضان پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں 300 سے زائد رمضان بازار لگائے گئے ہیں -اربوں روپے کے رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں – رمضان بازارو ں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے اورچینی 65 روپے کلو دستیاب ہے -پنجاب کابینہ کے اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے رولزآف بزنس کی توثیق کی گئی اورکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امورکی سفارشات منظورکی گئیں -جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز با اختیار ہوں گے – کابینہ نے ضلع مظفر گڑھ میں چوک سرور شہید کو نئی تحصیل بنانے کی منظوری دی -کابینہ نے پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی سروس رولز 2009ء میں ترامیم کی منظوری دی-ترمیم کے تحت ضلع راجن پور میں بلوچ لیوی کو تعینات کیا جا سکے گا – کابینہ نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2020ء کی منظوری دی – ایکٹ سے ڈرائیورز کی ٹریننگ اور گاڑیوں کی سیفٹی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا-اجلا س میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی-اب یہ کمپنی پورے پنجاب میں آپریٹ کر سکے گی -اجلاس میں موٹر وہیکلز رولز1969ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی-اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ)ترمیم ایکٹ 2007کے سیکشن 2 (s)، 21 اور 38 میں ترامیم کی منظوری دی گئی- اجلاس میں دی پنجاب آب پاک اتھارٹی (پوائنٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس رولز 2020ء)اور جناح پارک راولپنڈی کی لیز کی منظوری دی گئی، لیز کی مالیت کا تعین ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی اور صوبائی پرائس اسیسمنٹ کمیٹی کرے گی -بہاولپور میں وکلاء کی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بارے میں عدالتی فیصلوں کی روشنی میں مزید ضروری اقدامات کرنے کی منظوری دی گئی-ضلع راجن پور کی مختلف یونین کونسلوں کوتحصیلوں کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز مسترد کر دی گئی اوراس ضمن میں یونین کونسلوں کی سابقہ حیثیت بحال رکھی جائے گی -اجلاس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی3 سالہ سالانہ رپورٹ 2017-20اور پیپرا کی سالانہ کارکردگی رپورٹس کی منظوری دی گئی – راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کنٹرولڈ ایریاکے نوٹیفکیشن کی اصولی منظوری دی گئی -اجلاس میں نمل انسٹی ٹیوٹ میانوالی کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کے منظوری دی گی -غازی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ ڈیرہ غازی خان کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی- ایل ڈی اے کے بلڈنگز کے بارے میں بائی لاز کو پنجاب کے تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں یکساں لاگو کرنے کی منظوری دی گئی -اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 42 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی -اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 53 ویں، 54 ویں، 55 ویں اور 56 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی -اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 52ویں،53ویں، 54 ویں اور 55 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال خطرے کی طرف جا رہی ہے – روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور فیصلے کئے جا رہے ہیں – عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر فیصلہ کریں گے -عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں -ایس او پیز پر عملدرآمد شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے – صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

اپنا تبصرہ بھیجیں