بہاولپور ( ) ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام اسلاموفوبیا اور مغربی دنیا کے موضوع پر ایک ویبینار منعقد کیا گیا۔
ویبینار سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، سابق وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی اور معروف اسلامی محقق پروفیسر ڈاکٹر اکرم چوہدری، معروف تجزیہ نگارو سابق سول سرونٹ اور یا مقبول جان، سابق ایکٹنگ وائس چانسلر و ڈین اسلاموفوبیاایکسپرٹ پروفیسر ظفر اقبال شعبہ ابلاغیات اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی اسلام آباد نے خطاب کیا۔ ویبینار میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور دیگر یونیورسٹیوں کے اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اسلاموفوبیا کو علمی و فکری سطح پر زیر بحث لانا انتہائی ضروری اور اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کی وجہ سے مسل دنیا اور مغرب کے درمیان خلیج و سیع ہوتی جا رہی ہے۔ مسلم دنیا کی قیادت اور دانشوروں کو اس خلیج کو باٹنے کے لیے فکری علمی تحقیقی اور سفارتی سطح پر مل بیٹھ کر کوشش کرنا چاہیے اور مغرب کو مسلم دنیا کے احساسات، جذبات اور موقف کو مثبت و تعمیری انداز میں سمجھنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سٹڈیز کی جانب سے اسلاموفوبیا کے موضوع پر ویبینار کا انعقادایک لائق تحسین اقدام ہے اور توقع رکھتے ہیں یہ ویبینار علمی و فکری سطح پر اس مسئلے کا علمی و فکری حل نکالنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اکرم چوہدری سابق وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی نے کہا کہ اسلام کے آغاز کے ساتھ ہی یہ خوف مشرکین میں جاگزیں تھا لیکن اب ہم اس کو موجودہ تناظر میں دیکھتے ہیں تو دنیا تیزی سے پھیلنے والا مذہب اسلام ہے جو ان کی ثقافتی اور معاشی اور معاشرتی زندگی کو یکسر بدل سکتا ہے۔معروف سکالر اور اینکر اوریا مقبول جان نے کہا کہ اسلاموفوبیاکی بنیادکسی طور پر مذہبی نہیں ہے بلکہ یہ ایک ثقافت اور معیشت مفاد کی جنگ ہے جس میں مغرب اپنے مفاد کی خاطر اسلام کو دہشت گردی سے منسوب کر رہا ہے۔سابق ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق نے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فوبیا کی وجہ سے مسلم دنیا کثرت میں ہونے کے باوجود علاقائی مسائل میں اس قدر الجھے ہوئے ہیں کہ وہ اسلام کے خلاف کسی بھی میڈیا یلغار کا متحد ہو کر جواب دینے کے قابل نہیں۔ مسلم دنیا کو ایک مضبوط فکری قیادت کی ضرورت ہے۔جو بین الاقوامی سطح پر مغرب سے پیش کیے جانے والے اسلام کے خلاف ایجنڈے کا جواب دے سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا سٹڈیز اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذاہب میں تضادات اور تصادم ہمیشہ سے موجود رہے ہیں۔ اسلاموفوبیا اب انڈسٹری بن چکا ہے۔کہیں یہ اکنامک اسلاموفوبیا، کہیں رنگ ونسل اور منفی اسلاموفوبیا، کہیں ثقافتی اور کہیں سیکورٹی خطرات کی صورت میں موجود ہے۔ اب ضرورت ہے کہ مسلم امہOICکے پلیٹ فارم سے یونیورسٹیز کی سطح پر علمی اور استدلالی مباحثہ کے ذریعے اس کا مقابلہ کرے۔ چیئرمین میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالواجد خان نے تما م سامعین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ویبینار کے میزبان محمد بلال بھٹی تھے۔ ویبینار میں اساتذہ، ڈینز اور بہت سے دیگر شرکاء نے آن لائن شرکت کی۔
Load/Hide Comments