یوم فلسطین قومی جوش و جذبہ سے منایا گیا ۔

رحیم یار خان( )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع رحیم یار خان میں یوم فلسطین قومی جوش و جذبہ سے منایا گیا ۔ضلع کی چاروں تحصیلوں میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف ریلیاں نکالی گئی۔

ضلعی ہیڈ کواٹر پر منعقدہ فلسطین سے یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کی جس میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر)ر یاست علی، ریاض احمد نوری، قاضی خلیل الرحمن، شمیل مرزا، چوہدری فاروق وڑائچ، ایپکا رہنما محبوب خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر1122ڈاکٹر عادل رحمن، حاجی ظہور گجر سمیت ضلعی افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر سٹی پارک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت نہ رکی تو انسانی المیہ جنم لے گا، اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے اقوام متحدہ کو فوری اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے ، فلسطین میں اسرائیلی اور کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم مسلمانوں کی نسل کشی کا باعث بن رہے ہیں اگر نہتے مسلمانو ں پر ظلم و جبر کو نہ روکا گیا تو یہ چنگاری اقوام عالم کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔حکومت عالمی سطح پر فلسطین کا مسئلہ کامیابی سے اجاگر کر رہی ہے۔ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری ظفر اقبال وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ مسلم ممالک میں جاری قتل و غارت کو روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اسرائیلی مظالم سے چھڑانے کا وقت آگیا ہے اور اقوام متحدہ کو فلسطینی عوام کے تحفظ اور فلسطینی زمینوں پر یہودی غیر قانونی آباد کاری کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا مقدمہ حقیقی مسلمہ امہ کے ترجمان کی صورت میں اقوام عالم کے سامنے پیش کیا ہے۔احتجاجی ریلی کے اختتام پر ممبر ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری نے فلسطین او رکشمیر کے مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعا کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں