علی ظفر کا میشا شفیع کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع

میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان تنازع نیا رخ اختیار کر گیا، علی ظفر کہتے ہیں 16 ٹویٹر اکاؤنٹس کے ذریعے میری کردار کشی کی گئی۔ گلوکارہ کے ٹویٹر اکاؤنٹس کی چھان بین کیلئے ایف آئی اے سے رجوع کرلیا۔
معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کی جانب سے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میشا شفیع کے 16 ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ذریعے میری کردار کشی کی گئی، ٹویٹر اکاؤنٹس سے پروپیگنڈہ کرکے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔
علی ظفر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ٹویٹر اکاؤنٹس کے اسکرین شاٹس بھی فراہم کئے ہیں۔ علی ظفر کی درخواست پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ریکارڈ چیک کرکے کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
واضح رہے کہ گلوکارہ میشا شفیق نے اپنے ساتھی گلوکار علی ظفر پر ہراسانی کا الزام لگایا تھا، جس کی سماعت مقامی عدالت میں جاری ہے، اس حوالے سے کئی گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں