ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھونگ مندر حملہ کے حوالہ سے سپریم کورٹ کی ڈائریکشن پر سو فیصد عملمدرآمد کو یقینی بنائیں, کمشنر بہاولپور

کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔

انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ضلع میں امن و امان، کورونا، ویکسی نیشن، ڈینگی، پولیو، ڈویلپمنٹ کی مجموعی صورتحال سمیت سرکاری محصولات کی وصولی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور ضلع میں جاری دیگر حکومتی اقدامات کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او اسد سرفراز نے ضلع میں امن وامان کی صورتحال سمیت مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے مختلف اجلاسز کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محب، رواداری،امن،بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی اس خطہ کی شناخت ہے، حالیہ ہونے والا ناخواشگوار واقع اس خطہ کے امن کو متاثر نہیں کر سکتا۔بھونگ مندر حملہ ایک افسوسناک عمل تھا جس نے تمام پاکستانیوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچائی تاہم اس حملہ کے فوری بعد انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ممبران امن کمیٹی اور اقلیتی برادری کے اکابرین نے جس ذمہ داری اور محب الوطنی سے اتفاق و اتحاد کی فضا برقرار رکھ کر قیام امن میں اپنا کردار ادا کیا وہ پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن گیا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 72گھنٹوں میں مندر کی بحالی اور پولیس کی جانب سے ملوث ملزمان کی گرفتاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسان خطا کا پتلا ہے مگر کامیابی اس میں ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھونگ مندر حملہ کے حوالہ سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری تمام ڈائریکشن پر سو فیصد عملمدرآمد کو یقینی بنائیں اور گرفتار ملزمان سے ریکوری کرکے مندر بحالی کے اخراجات ادا کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ بھونگ میں نئے ایس ڈی پی او آفس اور سی پیک پر بھونگ انٹر چینج کی تعمیر کے حوالہ سے تمام بنیادی اقدامات مکمل کرکے کیس فوری طور پر متعلقہ فورم کو ارسال کریں۔انہوں نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر بھی ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، سیکورٹی اداروں اور ممبران امن کمیٹی کاوشوں کو بھی سراہا۔

ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر)ظفر اقبال نے محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی چوتھی لہر کے پھیلاؤکو روکنے اور عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بہاولپور ڈویژن میں ویکسی نیشن کا عمل تسلی بخش ہے تاہم اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کسی مراعات کے لئے کام نہیں کر رہے بلکہ وہ ایک خصوصی مشن کی تکمیل کر رہے ہیں جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے انہیں منتخب کیا ہے یہ ہمارے ہیروز ہیں ان کی حفاظت کو ترجیح دی جائے جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔علاوہ ازیں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متبادل اقدامات بھی کئے جائیں۔انہوں نے انسداد کورونا، ڈینگی اور پولیو کے حوالہ سے جاری اقدامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سابقہ مالی سال میں سرکاری محصولات کی ریکوری اطمینان بخش رہی تاہم سرکاری ریکوری کے حوالہ سے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اہداف کی تکمیل پر شروع سے ہی توجہ رکھیں تاکہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے حوالہ سے بھی واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف مجسٹریٹس بلا تفریق کارروائیاں کریں۔بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مجسٹریٹس کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ویژن ہے کہ شہری و دیہی ترقی کو یکساں ترجیح دی جائے اس ضمن میں مقامی ارکان پارلیمنٹ سے مکمل رابطہ رکھا جائے اور جاری و نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیاجائے جبکہ کوالٹی یقینی بنانے کے لئے افسران موقع پر جاکر فیلڈ وزٹ کریں۔ڈویژنل کمشنر نے نئے منصوبوں کے تمام مراحل بروقت مکمل کرانے پر ڈپٹی کمشنر اور ان کی ڈویلپمنٹ ٹیم کو شاباش دی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں مختلف سیکٹرز کے208منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں سے150نئے منصوبے شامل ہیں جس کی تکمیل پر مجموعی طور پر46ارب روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کورونا کے 6ہزار751مثبت کیس رپورٹ، 5ہزار 767صحت یاب اور 260اموات رپورٹ ہوئی جبکہ اب تک11لاکھ2ہزار217افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 27مقدمات درج، 55افراد گرفتار اور 154کاروباری مراکز کوسیل کیا گیا ہے جبکہ7لاکھ95ہزار200روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول کے حوالہ سے گراں فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اسسٹنٹ کمشنر زکو ہدایات ہیں کہ ناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹس کے خلاف کارروائی کریں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بھونگ مندر کی بحالی کا کام مکمل جبکہ چار دیواری کی تکمیل آخری مراحل میں ہے او رسپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تمام اخراجات گرفتار ملوث ملزمان سے وصول کئے جائیں گے۔ڈی پی او اسد سرفراز نے بتایا کہ بھونگ واقع میں ملوث 80سے زائد ملزمان کی شناخت پریڈ کی گئی ہے جبکہ ان تمام ملزمان سے ریکوری کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کچہ کے ایریا میں قیام امن کے لئے ایک نئے ایس ڈی پی او آفس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے کچہ کے ایریا میں امن وامان قائم کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں