پاکستان میں اقلیت و اکثریت کے حقوق یکساں ہیں, کیپٹن (ر)ظفر اقبال

رحیم یار خان( ) کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر)ظفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس میں رہنے والے چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں انہیں کاروباراور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے، پاکستان میں اقلیت و اکثریت کے حقوق یکساں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھونگ بازار اور گنیش مندر کے دورہ پرہندوبرادری سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر کلیم یوسف، ایس ڈی پی او عباس اختر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بھونگ میں واقع گنیش مندر پر حملہ کے بعد ریاست اپنے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہوئی اور آج مندر حملہ میں ملوث تمام شر پسند عناصر قانون کی گرفت میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقلیتی برادری کا اپنا وطن ہے آپ بلاخوف و خطر اپنا کاروبار او رمذہبی رسومات کی ادائیگی کریں۔گنیش مندر حملہ کے 72گھنٹوں میں انتظامیہ نے اس مندر کی تزئین و آرائش کرکے مذہبی رسومات کی ادائیگی بحال کی ۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں مذہبی عبادتگاہوں پر حملوں اور اقلیتی برادری پر مظالم کی خبریں عام ہیں مگر ریاست کوئی ایکشن نہیں لیتی مگر پاکستان میں کسی بھی مذہبی عبادتگاہ یا اقلیتی برادری کے حقوق کو متاثر کیا جائے تو ریاست فوری ایکشن میں آتی ہے یہی وجہ ہے کہ گنیش مندر حملہ کا وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان نے از خود نوٹس لیا اور مندر کو فوری بحال کرنے سمیت ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری خود کو تنہا نہ سمجھے ریاستی ادارے اور پاکستانی قوم ان کے ہمراہ ہے آپ لوگ پہلے کی طرح اپنے معمولات زندگی کو بحال کریں اور مجھے خوشی ہے کہ بھونگ بازار کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور اقلیتی برادری آزاد اپنا کاروبار اور عبادت کر رہی ہے۔انہوں نے گنیش مندر میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے بھی احکامات جاری کئے ۔علاوہ ازیں ڈویژنل کمشنر بہاولپور کیپٹن (ر)ظفر اقبال نے بھونگ میں ایس ڈی پی او آفس اور بھونگ انٹر چینج کی تعمیر کے لئے مجوزہ اراضی کا دورہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں