رحیم یار خان( ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا مہم کے دوران ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس اور دیگر طبی عملہ کی قربانیوں و خدمات کی معترف ہے، گذشتہ دو سالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم سے سرشار ہمارے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ اس مرض کا شکار ہوکر جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور پوری قوم اپنے ان فرنٹ لائن ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ زید میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شیخ زید میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب اور انتظامیہ کو مکمل ادارک ہے کہ شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے ڈاکٹرز محدود وسائل کے باوجود اس خطہ کے عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،شیخ زیدہسپتال صوبہ سندھ و بلوچستان کے مریضوں کے لئے بھی نعمت خداوندی ہے اور ان صوبوں سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر علاج معالجہ کے غرض سے آتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال کی جانب سے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے اسے ترجیحی بنیادوں پرمرحلہ وار حل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجی وارڈ اور سرجیکل ٹاور کے حوالہ سے ابتدائی کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے لئے متعلقہ فورم سے ضلعی انتظامیہ مکمل رابطہ میں ہے اور ان کی تعمیر سے کافی حد تک مسائل حل ہو جائیں گے موجودہ صورتحال میں ہم نے دستیاب وسائل کے ساتھ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھنی ہے۔بہترین پلاننگ اور وسائل کے درست استعمال سے ہم مطولبہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ضلع میں کورونا ویکسین لگانے کا ہدف روزانہ 10ہزار مقرر تھا مگر انتظامیہ کی حکمت عملی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی محنت سے ہم روزانہ50ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر سنجیدہ صورتحال اختیار کر چکی ہے اس کے لئے ہمیں اپنی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہو گا اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی۔کورونا کے مریضوں کے لئے اضافی وینٹی لیٹرز اور ہائی فلو آکسیجن مشین ہسپتال کو فراہم کرنے کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے ہسپتال میں سیکورٹی اور اطراف میں تجاوزات کے خاتمہ کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کی جبکہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہسپتال انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ورثاء کی ویکسین اور ہسپتال میں ایس او پیز کے حوالہ سے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔قبل ازیں پرنسپل شیخ زیدمیڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال میں دستیاب سہولیات، درپیش مسائل اور مزید ضروریات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ کورونا مریضوں کے لئے 200بیڈز اور20وینٹی لیٹرز مختص ہیں جبکہ ہائی فلوآکسیجن مشین بھی متبادل کے طور پر استعمال کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ کی کمی بھی ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں حائل ہے تاہم موجودہ وسائل کے ساتھ شیخ زید ہسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹرز جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ صوبہ کے دیگر بڑے ہسپتالوں سے کئی زیادہ ہیں۔اس موقع پر مختلف ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ نے ہسپتال کی بہتری کے حوالہ سے مختلف تجاویز دیں اور ڈپٹی کمشنر کے شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے کو سراہا۔اس موقع پر گائینی وارڈ کی انچارج ڈاکٹر شازیہ ماجد نے بتایا کہ گائنی وارڈ میں آنے والی خواتین دوران زچگی ویکسین نہیں لگواتی اس حوالہ سے مختلف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جو حاملہ خاتون اور نوزائیدہ بچے کے لئے خطر ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے بھی مکمل آگہی مہم ضروری ہے کہ حاملہ خواتین بھی بلا خوف و خطر کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوائیں۔
Load/Hide Comments