رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے اور اسکی بنیاد میں لاکھوں شہیدوں کا لہو، مصائب اور تکالیف کی ناقابل فراموش داستانیں دفن ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہو نے شیخ خلیفہ پبلک سکول کے آڈیٹوریم میں جشن آزادی کی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے منصوب مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جشن آزادی کی تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے کیاگیا جس کے بعد پولیس، ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور سکاؤٹس کے دستوں نے مارچ ماسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔تقریب میں ڈی پی او عمر سلامت، ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیو، چوہدری نعیم شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، ریاست علی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا سمیت ضلعی افسران، پی ٹی آئی کے ضلعی و مقامی عہدیداران، سول سوسائٹی، وکلاء، ڈاکٹرز، شہری اور سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قوم پاکستان کا 72یوم آزادی اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ منا رہی ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی یوم آزادی تقریبا ت میں ہمارے کشمیری بہن بھائی ایک آزاد ریاست کے شہری کے طور پر شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام، سالمیت اور تعمیر و ترقی میں ہر محب وطن کو اپنا کردار پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے کرپشن، اقرباء پروی کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے اور ہمیں بحیثیت ایک قوم ملکی بہتری، استحکام اور معاشی مضبوطی کے لئے حکومتی اقدامات کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ ہم اندرونی طور پر مضبوط ہو کر دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔
ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی میں، بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر وطن کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء ہمارا فخر ہیں ہم کبھی اپنے شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال، عزت و آبرو اور ارض کاپاک کے تحفظ کی ضامن ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اس ضلعی پولیس کا کپتان ہوں جس کی تاریخ شہداء کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر، قائد ؒ کی جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی لازاوال قربانیوں کا نتیجہ ہے، قائد اعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کامیاب ہوئی اور آج ہم آزاد اور خود مختار وطن میں زندگی گزار رہے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا عہد اور قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے متحد ہوکر کام کرنا چاہیے اور موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی اس بحران سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ صیح معنوں میں لڑ رہے ہیں اور انشاء اللہ کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ ہم ملکی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور ملکی وقات پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام جس طرح بھارتی فوج اور حکومت کے ظلم اور بربریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیو نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ناقص حکمت عملی اور ذاتی مفادات کے باعث آج ہم ان مشکلات کا سامنا کررہے ہیں مگر عوام مطمین رہے موجودہ حکومت مشکل حالات سے ملک کو نکال کر خوشحالی کی جانب گامزن کرے گی۔یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے یوم آزادی اور جدجہد آزادی کشمیر کے حوالہ سے کی جانے والی کوششوں کی اپنے ٹیبلوز، ملی نغموں اور تقاریر میں منظر کشی کی۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل، ڈی پی او عمر سلامت نے ارکان پارلیمنٹ چوہدری آصف مجید، عامر نواز خان چانڈیو سمیت دیگر کے ہمراہ یوم آزادی تقریبات میں شرکت کرنے والے اداروں کے سربراہان میں یادگاری شیلڈز اور حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر ریسکیو1122کو 1لاکھ روپے نقد انعام دیا جو ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر عبدالستار نے وصول کیا۔
Load/Hide Comments