رحیم یار خان( )ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) ریاست علی، پی ٹی آئی رہنما شمیل مرزا، ریاض احمد نوری سمیت سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں کے طلباء، اساتذہ اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا آغاز کا ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جو سٹی سنٹر چوک پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور عالمی برادری کی اس حوالے سے خاموشی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں پر بھارتی مظالم،بربریت اور مظلوم مسلمانوں پر ہونے والی مسلح جارحیت کو ہر فورم پربے نقاب کرتا رہے گا اور پاکستان کی حکومت اور عوام اس وقت تک کشمیری بھائیوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک کشمیری مسلمانوں کو آزادی حاصل نہیں ہو جاتی۔
انہوں نے اقوام عالم سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ اس خطہ میں امن واقع ہو سکے۔ریلی کے اختتام پر عالم دین ریاض احمد نوری سے ملک وقوم کی سلامتی، کشمیر کی آزادی کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔