رحیم یارخان ( ) ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رینج شیر اکبر کا دورہ رحیم یارخان، ڈی پی او آفس پہنچنے پر ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے خوش آمدید کہا، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے جنرل سلامی پیش کی، کچہ کی مختلف چیک پوسٹس کا دورہ امن و امان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا۔
تفصیل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رینج شیر اکبر نے ضلع رحیم یارخان کا دورہ کیا جس میں وہ پہلے ڈی پی او آفس پہنچے جہاں پر ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) دوست محمد کے ہمراہ انہیں ضلع رحیم یارخان آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں جنرل سلامی پیش کی جس کے بعد آر پی او شیر اکبر، ڈی پی او محمد علی ضیاء اور ایس پی دوست محمد کے درمیان میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ضلع کی لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال اور کرائم کے متعلق امور زیر بحث آئے، جس میں آر پی شیر اکبر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو برؤے کار لاتے ہوئے، نیک نیتی، محنت اور جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دے اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، تھانہ اور دفاتر میں آنے والے سائلیں کے ساتھ مثالی حسن سلوک کا مظاہرہ کیا جائے،
انہوں نے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹ پر نگرانی کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک افراد اور وہیکلز کی سرچ اینڈ سویپنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، بعد ازاں وہ کچہ میں قائم مختلف چیک پوسٹس کے دورہ کے لیے روانہ ہوگئے، جہاں پہنچنے پر ڈی پی او رحیم یارخان محمد علی ضیاء نے علاقہ کے حالات کے متعلق انہیں بریفنگ دی، جس پر آر پی او شیر اکبر نے کہا کہ وہ اپنی فورس کا مورال بلند کرنے کے لیے یہاں پہنچے ہیں اور چارج سنبھالتے ہی یہ ان کا پہلا دورہ ہے ، آپ علاقہ میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہادری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں پوری پولیس فورس آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آپ کو تمام تر وسائل اور سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، جس پر اہلکاروں نے اپنے پیشہ ورانہ امور کو جانفشانی، بھر پور جذبے سے ادا کرنے کا عزم کیا جس پر آر پی او نے اہلکاروں کے ہمت اور حوصلے کی تعریف کی اور واپسی کے لیے روانہ ہو گئے۔
Load/Hide Comments