بہاول پور:27 /اگست( )صوبائی وزیر قانون و سوشل ویلفیئر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم کرنے کے لیے تمام ترضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس بہاول پور میں کیبنٹ سب کمیٹی برائے امن و امان کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری، ایم این اے فاروق اعظم ملک، اراکین صوبائی اسمبلی افتخار گیلانی، عامر نواز خان، چوہدری محمد شفیق، چوہدری عاصم مجید، آئی جی پنجاب عارف نواز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ رائے طاہر محمود، کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال، آر پی او عمران محمود، ملحقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر قانون و سوشل ویلفیئرمحمد بشارت راجہ نے کہا کہ یوم عاشور کے جلوس و مجالس کے روٹ اور مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور پُرامن خطہ ہے اور یہاں کے عوام مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔پوری قوم اس جذبہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اداروں کے ہمراہ بہاول پور کی سماجی و تاجر تنظیمیں فعال کردار ادا کرتی ہیں۔ اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال اور آر پی او عمران محمود نے ڈویژن بھر کے لیے یوم عاشور کے جلوس و مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کی تفصیل سے آگاہ کیا
Load/Hide Comments