کرشنگ سیزن میں عوام کو محفوظ سفری ماحول میسر کرسکتے ہیں جس کے لئے شوگر ملز انتظامیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔ سیکٹر کمانڈر

04اکتوبر2019
رحیم یار خان( )سیکٹر کمانڈر نیشنل ہائی ویز موٹر وئے پولیس چوہدری عاطف شہزاد نے آمدہ کرشنگ سیزن کے موقع پر قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اورروڈ سیفٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ضلع میں موجود پانچ شوگر ملز کی انتظامیہ کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کماد کا کرشنگ سیزن اس ضلع کی بڑی معاشی سرگرمی ہے جس کے باعث قومی شاہراہ سمیت مضافات کی شاہراہ پر ٹر یفک کے بہاﺅ میں خاطر خواں اضافہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ طور پر حکمت عملی مرتب کرنے سے ہم آمدہ کرشنگ سیزن میں شاہرات کا استعمال کرنے والی عوام کو محفوظ سفری ماحول میسر کرسکتے ہیں جس کے لئے شوگر ملز انتظامیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ اس امر کو یقینی بنائے کہ وہ اتنے ہی پر مٹ کاشتکاروں کو جاری کرے جتنی پارکنگ سہولت ان کے یارڈ میں موجود ہے تاکہ اضافی ٹرالیاں شاہرات پر نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو ٹریفک آگہی کے لئے موٹر وئے پولیس کے ساتھ مل کر اقدامات کرے اور شوگر سیزن کے دوران کاشتکاروں کو آگہی فراہم کی جائے کہ وہ اپنی ٹرالیوں پر مقررہ حد سے زائد لوڈ نگ نہ کریں اور کماد کی لوڈ ٹرالیوں و اطراف میں ریفلکٹر لائٹس یا اسٹیکرز کا استعمال کریں تاکہ کراسنگ کرنے والی گاڑیوں کو کماد کی ٹرالی کا اندازہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ اپنے ایریا ز میں موٹر وئے پولیس کے ساتھ مل کر کاشتکاروں کو روڈ سیفٹی سے آگہی بارے تربیتی سیشن منعقد کرائے جس میں موٹر وئے پولیس کے افسران کاشتکاروں کو روڈ سیفٹی بارے آگہی فراہم کریں گے۔شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر کمانڈر نیشنل ہائی ویز موٹر وئے پولیس چوہدری عاطف شہزاد کے قبل از وقت اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں