17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر بہاول پور ڈویژن کے تمام اضلاع میں فوڈ سٹریٹس قائم”

بہاول پور( 11/فروری ) 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پردیگر رنگا رنگ ثقافتی تقریبات کی طرح اندرون فرید گیٹ بہاول پور کے مقام پر ضلعی انتظامیہ اور تاجران کی جانب سے بیکانیری فوڈ سٹریٹ کا قیام احسن اقدام ہے جس سے اس میگا ایونٹ میں آنے والے سیاحوں کومقامی لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے گذشتہ شب اندرون فرید گیٹ بہاول پور کے مقام پر قائم کی گئی بیکانیری فوڈ سٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، صدر انجمن تاجران شاہی بازار بہاول پور میر جمال، صدر انجمن تاجران اسرار شاہ،چولستان ڈیزرٹ ریلی میں آنے والے سیاح، انجمن تاجران کے نمائندگان،رہنما پاکستان تحریک انصاف سمیرا ملک، متعلقہ محکموں کے افسران اور عمائدین شہر کثیر تعداد میں موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر بہاول پور ڈویژن کے دیگر اضلاع بہاول نگر اور رحیم یار خاں میں بھی فوڈ سٹریٹس قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ فوڈ سٹریٹ میں معیاری اور لذیذ پکوان مناسب نرخوں پر فروخت کئے جائیں۔دریں اثناء کمشنر بہاول پور ڈویژن نے عمائدین شہر کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔

فوڈ سٹریٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر محفل موسیقی، کلچرل شو، گھوڑ ڈانس اورروایتی جھومر رقص بھی پیش کیا گیا جسے عمائدین شہر اور سیاحوں نے خوب سراہا۔اہلیان بہاول پور نے ضلعی انتظامیہ کی اس کاوش پر داد تحسین پیش کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور اور ضلعی انتظامیہ زندہ باد کے نعرے لگائے۔
٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں