کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے مشعل روشن کرکے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں روہی سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کر دیا

بہاول پور:9/ نومبر( )
کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے مشعل روشن کرکے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں روہی سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔

پاک آرمی اور سول انتظامیہ کے اشتراک سے منعقدہ روہی سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور نے کہا کہ اس سپورٹس فیسٹیول کی بدولت ڈویژن بہاول پور میں نوجوان نسل میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کے احیاء میں مدد ملے گی۔ کمشنر بہاول پور نیئر اقبال نے کہا کہ صحت مند دماغ صحت مند جسم میں ہوتا ہے اسی لیے تعلیمی اداروں میں تعلیم و تدریس کے ساتھ جسمانی صحت کا خیال رکھنا لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر کھیلوں کا سب سے بڑا فائدہ طلبہ میں اخلاق و اتحاد کے جذبہ کی آبیاری ہے اور منظم زندگی گزارنے کا درس موجزن ہے۔ کمشنر نیئر اقبال نے کہا کہ پاکستان نے روہی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کر کے طلباء کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
کمشنر نیئر اقبال نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ سہولیات سے مزین نئے کھیل کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں اوچ شریف ہائی سکول، گورنمنٹ ڈگری کالج صادق آباد، گورنمنٹ ہائی سکول فورٹ عباس میں کرکٹ کے لیے فلڈ لٹ گراؤنڈز کی تعمیر اور دیہی علاقہ جات بشمول چک نمبر33-BC بہاول پور، چک نمبر51-DB یزمان، سٹیڈیم احمد پور شرقیہ، ہاکی گراؤنڈ رحیم یارخاں، چک نمبر20-A لیاقت پور کرکٹ گراؤنڈ، چک نمبر274/HR فورٹ عباس فٹ بال گراؤنڈ، منڈی صادق گنج منچن آباد میں فٹ بال و ہاکی گراؤنڈ اور بہاو ل پور و احمد پورشرقیہ میں خواتین کے لیے علیحدہ سٹیڈیم کی تعمیر شامل ہیں۔

کمشنر بہاول پور نیئر اقبال نے پاک آرمی سے روہی سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد میں معاونت پر اظہار تشکر کیا اور توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں ضلع بہاول پور، ضلع رحیم یارخاں، ضلع بہاول نگر کے تعلیمی اداروں کی42ہاکی ٹیموں نے شرکت کی اور مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب میں چیئرمین وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل جاوید خان دولت زئی، ملٹری و سول اداروں کے افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں