PSF کومبیکس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ اختتام پذیر”مصر، ملائیشیا، ایران,پاکستان سے24 کھلاڑیوں کی شرکت”

مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں پی ایس ایف کومبیکس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ اختتام پذیر

28 اگست، 2022: پاکستان اسکواش فیڈریشن نے پاک فضائیہ کے تعاون سے 24 تا 28 اگست, مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں مردوں کے لئے پی ایس ایف کومبیکس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کروایا۔ ان مقابلوں کے لئے بارہ ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی۔ مصر، ملائیشیا، ایران اور پاکستان سے اسکواش کے 24 کھلاڑیوں نے اس بڑے مقابلے میں حصہ لیا۔

اس ایونٹ کے فائنل مقابلے آج کھیلے گئے۔ ائیر مارشل ذوالفقار احمد قریشی،ہلال امتیاز (ملٹری)، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (ٹریننگ)، پاکستان ائیر فورس نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعاما ت سے نوازا۔ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اور پی ایس ایف، باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو عالمی اسکواش میں دوبارہ اپنا وقار بحال کرنے میں بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے۔

فائنل دونوں پاکستانی کھلاڑیوں ناصر اقبال اور نور زمان کے درمیان کھیلا گیا جس میں ناصر اقبال نے کومبیکس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے اپنے مدِ مقابل کھلاڑی نور زمان کو 33 منٹ جاری رہنے والے تینوں مقابلوں میں) 07-11, 07-11, 06-11 ( کے گیم سکور کے ساتھ شکست دیکر چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا۔

*ترجمان پاک فضائیہ*

اپنا تبصرہ بھیجیں