چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد سے پاکستان کا دنیا بھر میں سوفٹ امیج اجاگر ہوا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان

بہاول پور:13/ فروری( )وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہزاروں سالہ عظیم تاریخی و تہذیب وتمدن کا حامل صحرائے چولستان میں 15ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد سے پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر کرنے میں نمایاں مدد ملے گی اور اس سے اس خطہ میں سوشیو اکنامک سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے یہ بات آج یہاں 15ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے پری پیئرڈ(Prepared)کیٹاگری گاڑیوں کے فلیگ آف کے موقع پر کہی۔ اس کیٹاگری کے مقابلے میں 58گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جو پہلے مرحلہ میں 220کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں گاڑیاں 16فروری کو 246کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں پاکستان بھر کے ریسرز حصہ لے رہے ہیں جس سے بین الصوبائی باہمی رابطوں کو مزید استحکام حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزرٹ ریلی کا ایونٹ قومی اور عالمی سطح پر پاکستان کے حقیقی روشن خیال چہرہ کو نمایاں کر کے سیاحت کے فروغ میں ممد و معاون ثابت ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ سافٹ امیج کو ابھارنے سے خطہ میں ملکی وبیرونی سرمایہ کاری کے لئے فضا کو مزید سازگار بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ریس میں حصہ لینے والے پاکستان کے قومی تشخص کو عالمی سطح پر ابھارنے کے لئے ہراول دستہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈیزرٹ ریلی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لئے مدعو کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شاندار مہمان نوازی کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر برائے ٹورازم اینڈ پی ایچ اے آصف محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس ایونٹ میں شرکت کر کے چار چاند لگا دیئے ہیں جس کے لئے حکومت پنجاب ان کی ممنون ومشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی نے گذشتہ 15سال میں ایک مقامی ایونٹ میں ترقی کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی شناخت حاصل کی ہے اور حکومت پنجاب نے وزیر اعظم کے ٹورازم ویژن کو عملی تعبیر دی ہے اور یہاں پر قومی و بین الاقوامی سیاحوں کے لئے بہتر اور معیار ی سہولیات کی فراہمی کے لئے صحرائے چولستان کے قلب میں ٹورسٹ ریزارٹ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلہ میں کبڈی اور پی ایس ایل کے مقابلے نہایت خوش آئند ہیں اور ان مقابلوں میں عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی شرکت اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے کھلاڑیوں اور سیاحوں کے لئے ایک انتہائی پرکشش اور موزوں خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ٹورازم ویژن کو عملی شکل دینے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت کا سماجی و معاشرتی ترقی کے ایجنڈے میں بنیادی محور کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے ڈیزرٹ ریلی کے شاندار انعقاد کے لئے انتظامات پر ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور آرگنائزر کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر ایڈوائزر برائے ٹورازم اینڈ پی ایچ اے نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر برائے ٹورازم و پی ایچ اے آصف محمود، کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، آر پی او فیاض احمد دیو، چیئرمین ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ، سیکرٹری ٹورازم و سپورٹس احسان بھٹہ، ڈی سی شوزب سعید، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی محمد تنویر عبد الجبار نے دل وش اسٹیڈیم میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں