وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں ”ستھرا پنجاب مہم“ جاری ہے, ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ

رحیم یارخان ( )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع کے شہری و دیہی علاقوں میں ”ستھرا پنجاب مہم“ بھرپور انداز میں جاری۔ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ نے شہر کے مختلف نواحی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ اور شہر کے مختلف بازاروں و مارکیٹس کا دورہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف جاری اپریشن کی مانیٹرنگ کی۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں ”ستھرا پنجاب مہم“ جاری ہے اور اس مہم کے دوران شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی، سیوریج کے مسائل سے شہریوں کو نجات دلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ، سیوریج کی بحالی، صاف پانی کی فراہمی، کوڑا کرکٹ کی محفوظ تلفی مہم کا خاص حصہ ہیں جبکہ بس اسٹینڈ، ہسپتال، سکولز اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی، رنگ و روغن، شجر کاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں شہر خاموشاں کی صفائی کے لئے بھی خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ”ستھرا پنجاب مہم“ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ضلع کی چاروں تحصیلوں کو مختلف زون میں تقیسم کرتے ہوئے دیگر محکموں کے افسران کی بھی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں و علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کریں اور:تاجر برادری اپنی دکانوں کے باہر سے تجاوزات کا رضاکارانہ طور پر خاتمہ کریں۔شاہرات اور چوراہوں پر تجاوزات، غلط پارکنگ کے خلاف انتظامیہ ایکشن لے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں