پنجاب سندھ بارڈر پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدو رفت بند,

مورخہ19مارچ 2020
رحیم یار خان( )کورونا وائرس کی روک تھام یقینی بنانے کے لئے صوبہ سندھ کی جانب سے بین الصوبائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ ، حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پنجاب سندھ بارڈر پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدو رفت بند کر دی تاہم پبلک اور مال بردار گاڑیاں (گڈز ٹرانسپورٹ) پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنر ز چوہدری اعتزاز انجم، عامر افتخار، ارشد وٹو، ریاست علی،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان،ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر غلام ربانی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائر س سے بچاﺅ کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ہذا کے تمام صوبائی و ضلعی سرکاری دفاتروں میںعوام الناس کے داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم شہریوں کے ضرور ی مسائل سے آگہی اور ان کے حل کے لئے ضلعی وتحصیل سطح پر کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے ان کے نمبرز مشتہر کئے جائیں گے ،شہری ان نمبرز پر رابطہ کرکے اپنے مسائل سے انتظامیہ کو آگاہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتروں میں اضافی سٹاف کو عارضی رخصت پر بھیجا جا رہا ہے جو بوقت ضرورت دفاتر میں رپورٹ کریں گے جبکہ تمام تحصیلو ں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیل میں موجود پبلک ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹ کی تمام تفصیلات فوری ضلعی ہیڈ کواٹرز کو فراہم کریں۔علاوہ ازیں ضلع بھر میں سنوکر کلب، انٹر نیٹ کیفے، منی سینما گھرکو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات پر عملدرآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی درخواست پر پنجاب حکومت نے کورونا وائر س کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت بند کر دی ہے پنجاب سے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ سندھ اور سندھ سے پنجاب میں داخل نہیں ہو سکتی حکومت کے اس فیصلہ سے تمام پبلک ٹرانسپورٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے

جبکہ نجی گاڑیاں اور گڈز ٹرانسپورٹ پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پہلے سے زیادہ متحرک انداز میں مار کیٹوں کا وزٹ کرتے ہوئے اشیاءضرور یہ کی مقررہ کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں ،ایمر جنسی کے وقت کسی کو بھی اشیاءروز مرہ کی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ تمام پبلک ریسٹورنٹ اور ہوٹلز ، چائے کیفے رات 10بجے بند ہو ں گے۔انہوں نے کہا کہ فارم ہاﺅس یا شہر سے دور شادی یا دیگر تقریبات کا انعقاد کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاررو ائی عمل میں لائی جائے اور عوام میں شعور اجاگر کیا جائے کہ یہ تعطیلات عوام اور ان کے فیملیز کی زندگی کو کورونا سے لاحق خطرات سے بچاﺅ کے لئے ہیں لہذا غیر ضروری کسی بھی تقریبات میں شرکت سے خود بھی اجتناب کریں اور اپنے عزیز واقارب کو بھی ایسی تقریبات منعقدکرنے سے روکیں۔انہوں نے کہا کہ کسی صورت افراتفری نہ پھیلائی جائے اور عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے بارے مفصل آگہی فراہم کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں